جامشورو ، ٹرانسمیشن لائن ٹرپ ہونے سے کراچی کو بجلی کی فراہمی منقطع

ہفتہ 26 جولائی 2014 05:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26جولائی۔2014ء)کے الیکٹرک کی جانب سے جاری کئے جانے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جمعے کی صبح جامشورو کے مقام پر این ٹی ڈی سی کیkv 500 کی ٹرانسمیشن لائن میں ٹرپنگ کی وجہ سے کراچی کو بجلی کی فراہمی منقطع ہوگئی تھی۔ترجمانِ کے الیکٹرک کے مطابق ٹرانسمیشن لائن کی ٹرپنگ کے ساتھ ہی نیشنل گرڈ سے بجلی فراہم کرنے والی متبادل لائن بھی تھوڑی دیر بعد ٹرپ کرگئی جس کے باعث کے ای کے اپنے پیداواری یونٹس بری طرح متاثر ہوئے اور ٹرپ کرگئے۔

این ٹی ڈی سی سے 650میگاواٹ کے سسٹم سے نکل جانے کے باعث کراچی شہر میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ کے الیکٹرک کی انجینئرنگ اور مرمتی ٹیم اس سنگین صورتحال سے نمٹنے کے لئے فوری طور پر بجلی کی فراہمی کو بحال کرنے میں مصروف عمل ہوگئی تھی ۔

(جاری ہے)

جس کے بعد کے الیکٹرک نے جلد ہی نیٹ ورک کی فراہمی معمول پر لانے کے لئے اپنے وسائل استعمال کرتے ہوئے بجلی کی بندش کے بعد اس کے فیڈرزکو معمول پر لانا شروع کر دیا۔

ان کوششوں کی وجہ سے کراچی شہر کے بیشتر حصے میں بجلی بحال کردی گئی ہے اور اب صورتحال معمول پر آنا شروع ہوگئی ہے ۔کے الیکٹرک کے ترجمان نے مزید کہا کہ ہم رمضان المبارک کے جمعة الوداع کے موقع پر بجلی کے بریک ڈاؤن کے لئے شہریوں سے معذرت خواہ ہیں۔کے الیکٹرک انتظامیہ عوام سے تعاون کی اپیل کرتی ہے کہ وہ ہر ممکن حد تک توانائی کے تحفظ کو یقینی بنائیں تاکہ کراچی کے شہریوں کو بجلی کی زیادہ سے زیادہ اور منصفانہ تقسیم یقینی بنائی جاسکے۔

متعلقہ عنوان :