سانحہ ماڈل ٹاؤن ،تحقیقاتی جوڈیشل ٹربیونل نے رانا ثناء اللہ سمیت بیان حلفی جمع کرانے والے تمام پولیس افسران اوراہلکاروں سے جرح مکمل کرلی، منہاج القران انتظامیہ کے کسی رکن سے ٹربیونل کی کاروائی میں حصہ نہیں لیا، وزیراعلی پنجاب کو 26جولائی کو بیان حلفی جمع کرانے کی مہلت

ہفتہ 26 جولائی 2014 05:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26جولائی۔2014ء)سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقات کے لیے قائم جوڈیشل ٹربیونل نے سابق صوبائی وزیرقانون رانا ثناء اللہ سمیت بیان حلفی جمع کرانے والے تمام پولیس افسران اوراہلکاروں سے جرح مکمل کرلی جبکہ منہاج القران انتظامیہ کے کسی رکن سے جوڈیشل ٹربیونل کی کاروائی میں حصہ نہیں لیا۔ ٹربیونل نے وزیراعلی پنجاب کو 26جولائی کو بیان حلفی جمع کرانے کی مہلت دے دی۔

سابق صوبائی وزیرقانون رانا ثناء اللہ اور پولیس افسران کی ٹربیونل میں پیشی کی فوٹیج موجود ہے ، جسٹس علی باقر نجف پر مشتمل جوڈیشل ٹربیونل نے اٹھارویں روز بند کاروائی کا آغاز کیا تو سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ ، وزیراعلی پنجاب کے سابق سکرٹری ڈاکٹر توقیر شاہ ، ایڈیشل آئی جی پولیس رائے الطاف ، ڈی جی ایل ڈی اے سمیت بیان حلفی جمع کرانیوالے دیگر پولیس افسران پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

جوڈیشل ٹربیونل کی بند کمرے میں سماعت شروع ہوئی تو وزیر اعلی پنجاب کی جانب سے بیان حلفی جمع کروانے کے لیے مزید مہلت کی استدعا کرتے ہوئے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے بتایا کہ وزیراعلیٰ شہر سے باہر ہیں ان کی واپسی پر کل 26جولائی کو بیان حلفی جمع کروادیا جائے گا، ٹربیونل نے سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثنااللہ سے ڈیڑھ گھنٹہ تک جرح کی ان کے علاوہ ٹربیونل نے وزیراعلی پنجاب کے سابق پرنسپل سیکرٹری توقیر شاہ،،آئی ایس آئی کے ڈپٹی ڈائریکٹر اسد علی نے اپنی رپورٹ پیش کی، ڈی ایس پی گارڈن ٹاوٴن میرکاشف خلیل ، ڈی ایس پی اچھرہ رانا اسلام سمیت بیان حلفی جمع کرانے والے پولیس افسران اور اہلکاروں پر جرح مکمل کی۔

عدالتی معاون محمد آفتاب باجوہ نے ٹربیونل کے روبرو پیش ہوکر موقف پیش کیا کہ ان کو رانا ثناء اللہ سمیت ٹربیونل میں بیان حلفی جمع کرانے حصہ لینے والے تمام پولیس افسران کے بیانات کی نقول فراہم کرنے اور ان سے جوابات کرنے کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے کہا انہوں نے جوڈیشل ٹربیونل کے روبرو میں کئی درخواستیں دی ہیں ان کا فیصلہ کیا جائے۔ٹربیونل کا کہناتھا کہ دی جانیوالی درخواستوں پر بھی کل فیصلہ جاری کیا جائے گا۔ ٹربیونل نے کارروائی کل تک ملتوی کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب سے 26جولائی کو بیان حلفی طلب کر لیا۔