افغانستان: بسوں سے اتار کر ہزارہ برادری کے 15 افراد قتل،ہلاک ہونے والوں کا تعلق ہزارہ کمیونٹی سے ہے،پولیس

ہفتہ 26 جولائی 2014 05:48

کابل(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26جولائی۔2014ء)افغانستان کے وسطی صوبہ غور میں حملہ آوروں نے دو منی بسوں کو روک کر 15 افراد کو ہلاک کردیا ہے۔صوبہ غور پولیس کے سربراہ کے مطابق جمعرات اور جمعے کی درمیانی رات کو مسلح افراد نے دو منی بسوں کو روکا اور مسافروں کو اتار کر گولیاں ماریں۔پولیس کے مطابق 15 افراد میں تین خواتین اور ایک بچہ بھی شامل ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں کا تعلق ہزارہ کمیونٹی سے ہے۔

(جاری ہے)

صوبہ غور کی پولیس کے ترجمان عبدالحئی خطیبی نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ ’مسلح افراد نے تمام مسافروں کو بسوں سے اترنے کا حکم دیا اور لائن میں کھڑا کر کے ایک ایک کر کے سب کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔‘پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ ایک شخص اس حملے میں بچ نکلنے میں کامیاب رہا۔بی بی سی کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ صوبہ غور کافی حد تک مستحکم ہے اور حکومت کی تائید کرتا ہے۔عید سے قبل بڑی تعداد میں لوگ سفر کر رہے ہیں اور گرمی سے بچنے کے لیے اکثر رات کے وقت سفر کرتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :