سٹریٹ چائلڈ فٹ بال ٹیم آج ناروے روانہ ہو ہوگی ، ناروے کپ فٹ بال ٹورنامنٹ میں دنیا بھر سے 16 ٹیموں شرکت کریں گی

ہفتہ 26 جولائی 2014 05:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26جولائی۔2014ء )ناروے کپ فٹ بال ٹورنامنٹ میں شرکت کیلئے سٹریٹ چائلڈ فٹ بال ٹیم ہفتہ کو ناروے روانہ ہو رہی ہے، ٹورنامنٹ میں دنیا بھر سے 16 ٹیموں شرکت کریں گی، تین کیٹگریز میں مقابلہ ہوں گے، پاکستانی ٹیم انڈر 16 میں حصہ لے گی۔ تفصیلات کے مطابق سٹریٹ چائلڈ فٹ بال ٹیم ہفتہ کو ناروے میں منعقدہ 16 ٹیموں کے مابین کھیلے جانے والے فٹ بال ٹورنامنٹ میں شمولیت کے لئے روانہ ہو رہی ہے۔

جمعہ کو نیشنل پریس کے دورے پر آئے ہوئے ان ننھے منے ستاروں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہم اپنے ملک کا نام روشن کرنے اور حب الوطنی کے جذبے کے تحت جا رہے ہیں اور انشاء اللہ اپنے ملک کا نام روشن کر کے واپس لوٹیں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسلم ہینڈ کے ضیاء النور شاہ نے بتایا کہ ہم آئندہ تین سالوں میں آزاد فاؤنڈیشن کے ساتھ مل کر 13 شہروں کے سٹریٹ چائلڈ کا ڈیٹا اکٹھا کریں گے اور بچوں کو کھیل کے علاوہ فنی تربیت، تعلیم اور ہنر سکھائیں گے۔

(جاری ہے)

جو بچے تعلیم حاصل کرنا چاہیں گے انہیں تعلیم اور جو بچے ہنر سیکھینا چاہئیں گے انہیں ہنر سکھایا جائے گا۔ ہماری کوشش ہے کہ چونکہ ان بچوں کو استعمال کر کے دہشت گرد ملک میں انارکی پھیلانے اور بربادی لاتے ہیں ہم ان بچوں کو ایک اچھا شہری بنانے کی کوشش کریں گے جو بدنامی کی بجائے ملک کا نام روشن کرنے کا سبب بنیں۔ اس موقع پر نیشنل پریس کلب کے صدر شہریار خان نے کہا کہ یہ بچے ہمارا سرمایہ ہے حالانکہ کروڑوں روپے اخراجات کرنے کے باوجود قومی ٹیمیں کامیابیاں حاصل کرنے میں ناکام رہتی ہیں مگر ان ننھے ستاروں نے حب الوطنی اور جذبے کے ساتھ پاکستان کا نام روشن کیا اور کامیابیاں حاصل کیں۔

ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں ہر میدان میں کامیابیوں سے ہمکنار کرے اور ناروے فٹ بال کپ بھی جیت کر وطن واپس لوٹیں۔ آزاد فاؤنڈیشن کے چیئرمین نوید حسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے گلی محلوں میں ضایع ہونے والے ٹیلنٹ کو اکٹھا کیا اور انہیں تربیت دے کر میدان میں اتارا۔ ہمیں خوشی ہے کہ ان ستاروں نے کامیابی حاصل کر کے ملک کا نام روشن کیا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد ان معصوم بچوں کو استعمال کر کے اپنے مذموم اداروں کو پایہ تکمیل تک پہنچاتے ہیں جس کا ہم نے ایک ایسا حل تلاش کر لیا ہے کہ ہم ان کا ڈیٹا اکٹھا کر کے، جن بچوں کی دلچسپی کھیل میں ہے انہیں کھیل سکھاتے ہیں، جو تعلیم حاصل کرنا چاہیں انہیں تعلیم اور جو ہنر مند بننا چاہے اسے ہنرمند بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس مقصد کے لئے پہلے مرحلے میں کراچی، لاہور اور پشاور سے بچے لئے جائیں گے۔

نوید حسن نے بتایا کہ 2010ء سے کھیلوں کو آلہ کار کے طور پر استعمال کیا، اپریل 2014 کو سٹریٹ چائلڈ فٹ بال ٹورنامنٹ میں شرکت کی دعوت ملی۔ اس ٹورنامنٹ میں 50 ہزار سے زائد بچے شرکت کرتے ہیں 27 جولائی سے 3 اگست تک جاری رہنے والے اس ٹورنامنٹ میں شمولیت کیلئے یہ ستارے ہفتہ کو روانہ ہو رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :