کامن ویلتھ گیمزمیں پاکستانی کھلاڑی متاثر کن کارکردگی دکھانے میں ناکام،ویٹ لفٹنگ ،سوئمنگ اور بریسٹ سٹروک ایونٹ میں کوئی کھلاڑی کامیابی حاصل نہیں کرسکا

ہفتہ 26 جولائی 2014 05:22

گلاسکو(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26جولائی۔2014ء) کامن ویلتھ گیمزمیں پاکستانی کھلاڑی متاثر کن کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔ سوئمرزکوالیفائنگ مرحلے سے آگے نہ بڑھ سکے۔بیسویں کامن ویلتھ گیمز کا میلا اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو میں سج گیا۔ایونٹ کے پہلے روز پاکستانی سوئمرز اپنا جادو دکھانے میں ناکام رہے۔پچاس میٹر بریسٹ اسٹروکس کی ہیٹ ٹومیں پاکستان کی لیانا سوان تیسرے اور انعم بانڈے آٹھویں نمبرپررہیں۔

مجموعی طور پر پیتنس سوئمرز میں سے انعم بانڈے چونتیس اورلیاناسوان چوبیس ویں نمبرپررہیں۔سو میٹر بٹرفلائی ہیٹ ون میں پاکستان کی کرن خان پانچویں پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہیں تاہم مجموعی طور پر وہ اکتالیس میں سے انتالیسویں نمبرپررہیں۔چارسو میٹر فری اسٹائل سوئمنگ میں پاکستان کے اسرار حسین نے اٹھائیس میں سے ستائیسویں پوزیشن حاصل کی۔

(جاری ہے)

اسرار نے مقررہ فاصلہ چار منٹ اکتیس سیکنڈز میں طے کیا۔بیسویں کامن ویلتھ گیمز کا پہلا طلائی تمغہ انگلینڈ کے نام رہا۔ انگلینڈ کی جوڈی اسٹیمسن نے خواتین کے ٹرایتھلون میں پہلی پوزیشن حاصل کرتے ہوئے گولڈ میڈل جیتا۔ کامن ویلتھ گیمز میں جہاں میڈلز کی دوڑ میں کھلاڑیوں کی بہترین پرفارمنسز کا سلسلہ جاری ہے ، گیمز کے پہلے روز قومی ایتھلیٹس کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی۔

یسویں دولت مشترکہ کی گیمز میں ویٹ لفٹنگ کی چھپن کلوگرام کیٹگری میں پاکستان کے محمد شہزاد نے نمائندگی کی۔نوجوان ویٹ لفٹر نے پہلی کوشش میں کامیابی سے ایک سو سات کلو گرام وزن اٹھایا۔ لیکن دوسری اور تیسری کوشش ناکام ہونے کے بعد محمد شہزاد کے لیے ایک سو دس کلو گرام کا وزن ”وزنی“ ہی ثابت ہوا۔ قومی ویٹ لفٹر کی ناکامی سے پاکستان کے مایوس کن آغاز کا دکھ بڑھ گیا۔

اس سے پہلے سوئمنگ میں بھی قومی تیراک اسرار حسین کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔وہ سوئمنگ کے 400 میٹر فری سٹائل کی ہیٹ ون یعنی کوالیفائنگ ایونٹ میں تیسرے نمبر پر رہے۔ خواتین کے 50 میٹر بریک سٹروک کوالیفائنگ ایونٹ میں 35 کھلاڑیوں میں سے پاکستان کی انعم بانڈے کا 34 واں نمبر رہا ، جبکہ اسی مقابلے میں موجود قومی سوئمر لیانا سوان 24 ویں نمبر پر رہیں۔