بھارتی نرسیں لیبیا سے وطن واپس پہنچ گئیں

بدھ 6 اگست 2014 06:39

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6اگست۔2014ء)حکام کا کہنا ہے کہ لیبیا کے تشدد زدہ علاقے میں پھنسی 40 سے زیادہ بھارتی نرسوں کا ایک گروپ منگل کو وطن لوٹ آیا ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق یہ بھارتی نرسیں لیبیا کے مختلف ہسپتالوں میں ملازمت کر رہی تھیں اور دو دن قبل وہ تیونس پہنچیں تھی۔منگل کی صبح وہ جنوبی ہند کی ریاست کیرالہ کے کوچی ایئرپورٹ پہنچیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ ایک ہزار سے زیادہ بھارتی لیبیا کے دارالحکومت طرابلس اور اہم شہر بن غازی میں ملازمت کرتے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ ابھی بھی درجنوں نرسیں وہاں پھنسی ہوئی ہیں اور انھیں آنے والے چند دنوں میں وہاں سے نکال لیا جائے گا۔

ان میں سے زیادہ تر نرسیں جنوبی بھارتی ریاست کیرالہ سے تعلق رکھتی ہیں۔

(جاری ہے)

کیرالہ نن ریزیڈنٹ امور کے سینیئر اہلکار پی سودیپ نے بی بی سی کو بتایا کہ ’مجموعی طور پر ابھی تک 44 نرسیں واپس آئی ہیں۔

وہ ان 120 بھارتی شہریوں کے گروپ کا حصہ ہیں جو لیبیا سے وطن واپس لوٹنا چاہتے ہیں۔ اس گروپ میں نرسوں کے علاوہ دوسرے شعبے میں ملازمت کرنے والی بھارتی خواتین بھی شامل ہیں۔سودیپ نے بھارتی خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ ’مزید تین نرسیں آج ہی دوسری پرواز سے آنے والی ہیں جبکہ باقی نرسیں بدھ کو آ سکتی ہیں۔کیرالہ کے وزیر اعلیٰ اومن چینڈی نے چند روز قبل یکم اگست کو وزیر خارجہ سشما سوراج کو خط لکھ کر لیبیا میں پھنسی ہوئی بھارتی نرسوں کی وطن واپسی کا انتظام کرنے کی درخواست کی تھی۔دریں اثنا مختلف ممالک نے اپنے شہریوں کو لیبیا سے نکالنا شروع کر دیا ہے جبکہ بعض ممالک نے اپنے شہریوں کے وہاں جانے سے پرہیز کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔