14اگست کوئی ایسی صورتحال پیدا نہیں ہونی چاہئے کہ پاکستان دنیا بھر میں تماشا بن جائے،سراج الحق،میاں نواز شریف کوبھی چاہئے کہ وہ پی ٹی آئی کو جلسہ کرنے دیں اور انہیں اجتماع کرنے کی تمام تر سہولیات بہم پہنچائیں، امیر جماعت اسلامی

بدھ 6 اگست 2014 06:20

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6اگست۔2014ء)جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ یہ لیڈر شپ کا کمال ہے کہ ملک کو گھمبیر صورتحال سے نکالے ،سیاست لچک ،برداشت،اور ڈائیلاگ کا نام ہے 14اگست کوئی ایسی صورتحال پیدا نہیں ہونی چاہئے جسکے نتیجے میں پاکستان دنیا بھر میں تماشا بن جائے،یا اسکے نتیجے میں جمہوریت اور جمہوری اداروں کو کوئی دھچکہ لگے ،میاں نواز شریف کوبھی چاہئے کہ وہ پی ٹی آئی کو جلسہ کرنے دیں اور انہیں اجتماع کرنے کی تمام تر سہولیات بہم پہنچائیں اسلام آباد میں آرٹیکل 245کے تحت فوج طلبی کا فیصلہ سیاسی طور پر غلط حکومت اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز المرکز الاسلامی میں مختلف ٹی وی چینلز کو الگ الگ انٹر ویو دیتے ہوئے کیا جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی ملک کو گھمبیر صورتحال سے نکالنے کیلئے اپنا کردار ادا کریگی انہوں نے کہا کہ سابق ٓصدر آصف علی زرداری ،مسلم لیگ ن کے رہنما اور وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور خواجہ سعد رفیق نے بھی ان سے رابطہ کیا ہے جبکہ عوامی جمہوری اتحاد کے سربراہ شاہرام خان ترکئی بھی ان سے مسلسل رابطے میں ہیں انہوں نے کہا کہ یہ درست ہے اس وقت حالات شدید کھچاؤ اور ٹکراؤ کی طرف جارہے ہیں لیکن انشاء اللہ کوئی راستہ نکل آئیگا ،انہوں نے کہا کہ جلد ہی انکی مختلف سیاسی رہنماؤں سے ملاقات ہوگی اور ملک کو موجودہ حالات سے نکالنے کا لائحہ عمل طے کیا جائیگا