شہبازشریف کی خصوصی ہدایت پر خیبر پختونخوا میں بارشوں سے متاثر ہ بہن بھائیوں کیلئے امدادی اشیاء کے 12ٹرک روانہ، تحریک انصاف کا مارچ اسلام آباد میں نہیں لاہور ہی میں ناکام ہو گیا تھا،شہبازشریف ،خیبر پختو نخوا میں طوفان بادوباراں کے مارے ہوئے لوگ حکمرانوں اور سیاستدانوں کے بہتر سلوک کے مستحق تھے،مصیبت کی گھڑی میں متاثرہ بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں،ضرورت کے مطابق مزید اشیاء بھجوائیں گے،پارلیمنٹ کی موجودگی میں فیصلے سٹرکوں پر نہیں ہوتے ہمیشہ مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل کی حامی رہے ہیں،وزیر اعلی کی اراکین اسمبلی سے گفتگو

اتوار 17 اگست 2014 09:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16اگست۔2014ء) وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر خیبر پختونخوا میں شدید بارشوں سے متاثر ہ افراد کی مددکیلئے حکومت پنجاب کی طرف سے امدادی اشیاء کے 12ٹرک روانہ کر دیئے گئے ہیں۔ ٹرکوں میں 4500 فوڈ ہیمپرز اور دیگر امدادی اشیاء شامل ہیں ۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے خیبر پختونخوا میں بارشوں کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمددری اورتعزیت کا اظہار کیاہے۔

وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے اراکین اسمبلی کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مصیبت کی گھڑی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت بارشوں سے خیبر پختونخوا کے متاثرہ بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے ۔

(جاری ہے)

وزیراعلی محمد شہبازشریف نے کہا کہ تحریک انصاف کا مارچ اسلام آباد میں نہیں لاہور ہی میں ناکام ہو گیا تھا۔عوام یوم آزادی متنازعہ بنانے پر ناراض ہیں۔

انہو ں نے کہاکہ خیبر پختو نخوا میں طوفان بادوباراں کے مارے ہوئے لوگ حکمرانوں اور سیاستدانوں کے بہتر سلوک کے مستحق تھے۔انہوں نے کہا کہ بارشوں کے باعث متاثر ہونے والے پختون بہن بھائیوں کی ہر ممکن امداد کی جائے گی اور متاثرہ افراد کی مدد کیلئے ضرورت کے مطابق مزید امدادی اشیاء بھجوائی جائیں گی۔متاثرہ پختون بہن بھائیوں کی مدد ہمارا دینی اورملی فریضہ ہے۔

وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے خیبر پختونخواکے مصیبت زدہ بہن بھائیوں کی مدد کے لئے امدادی اشیاء پر مشتمل 12ٹرک فی الفور بھیجے گئے ہیں۔پنجاب حکومت مصیبت میں گھرے بہن بھائیوں کی جس قدر مزید ضرورت ہوئی مدد کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کی موجودگی میں فیصلے سٹرکوں پر نہیں ہوتے ،مسلم لیگ ن کی حکومت ہمیشہ مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل کی حامی رہی ہے اورسیاسی مسائل مذاکرات کی میز پر طے کیے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کے مینڈیٹ کا احترام کیاہے۔