گورنر پنجاب غیر سیاسی شخصیت ہیں ، میرے معاملات میں بیان دینے کا کوئی حق نہیں ، سردار ایا ز صادق ، میرا کیس عدالتی ٹربیونل میں ہے ، عدالت ہی اس کا فیصلہ کرے گی ، وزیراعظم نے کہا تو آنکھیں بند کرکے استعفیٰ دے دونگا ، سپیکر قومی اسمبلی ، ایاز صادق سے متعلق اخبار میں پڑھا تو بیان دے دیا ، میرا کوئی حق نہیں تھا ، معذرت خواہ ہوں ، گورنر پنجاب

اتوار 17 اگست 2014 09:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16اگست۔2014ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ گورنر پنجاب غیر سیاسی شخصیت ہیں میرے معاملات میں انہیں بیان دینے کا کوئی حق نہیں ہے ، میرا کیس عدالتی ٹربیونل میں ہے اور عدالت ہی اس کا فیصلہ کرے گی، گورنر پنجاب نے معذرت کرلی ، گورنر پنجاب چوہدری سرور نے منصورہ میں میڈیا سے گفتگو کے دوران سردار ایاز صادق کا حلقہ کھولنے کی پیشکش کی تھی جس پر سردار ایاز صادق نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں خود سیاسی جماعت کا کارکن اور سپیکر قومی اسمبلی ہوں میں خود بات کرنا جانتا ہوں ۔

گورنر پنجاب کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ میرے متعلق کوئی بات کریں ۔

انہوں نے کہا کہ میرا کیس عدالتی ٹربیونل میں ہے اورعدالت ہی میرے کیس سے متعلق فیصلہ کرے گی انتخابی اصلاحات کے حوالے سے دو میٹنگ ہوئی ہیں میری گورنر پنجاب سے کوئی بات نہیں ہوئی وہ غیر سیاسی شخصیت ہیں ان کو سیاسی معاملات میں نہیں پڑنا چاہیے میرا عہدہ اس بات کا متقاضی ہے کہ ایسا کوئی بیان نہ دوں وزیراعظم کا حکم ہوا تو میں آنکھیں بند کرکے ان کا حکم مان لوں گا ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب گورنر پنجاب نے سردار ایاز صادق کے ردعمل پر فوری معذرت کرلی اور کہا کہ سردار ایاز صادق سے متعلق مجھے بات کرنے کا کوئی حق نہیں تھا معذرت خوا ہوں ٹی وی پر ان سے متعلق خبر دیکھ کر بات کردی تھی ۔