شہریار خان بلامقابلہ چیئرمین پی سی بی منتخب، سائر علی خان نے اس حوالے سے گورننگ بورڈ کے اجلاس کے دوران باضابطہ اعلان کر دیا

منگل 19 اگست 2014 09:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19اگست۔2014ء)پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین شہریار خان ایک بار پھر کرکٹ بورڈ کے چیئرمین منتخب ہوگئے ہیں۔الیکشن کمشنر اور قائم مقام چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ سائر علی خان نے اس حوالے سے گورننگ بورڈ کے اجلاس کے دوران باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔چیئرمین کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 اگست تھی تاہم کسی نے شہریار خان کے مقابلے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے۔

اس سے پہلے بورڈ کے پیٹرن ان چیف وزیر اعظم نواز شریف نے اس اہم منصب کے لیے ان کا نام تجویز کیا تھا۔وزیر اعظم نے شہریار خان کو پی سی بی چیئرمین بنانے کی تجویز پیش کرنے کے ساتھ ساتھ سابق چیئرمین نجم سیٹھی کو گورننگ بورڈ کا رکن بنانے کی تجویز بھی پیش کی۔

(جاری ہے)

پیٹرن ان چیف نے پی سی بی کے نئے آئین کے تحت 30 دن میں الیکشن کرانے کے لیے جسٹس ریٹائرڈ سائر علی کو قائم مقام چیئرمین پی سی بی اور الیکشن کمشنر بھی مقرر کیا تھا۔

دس رکنی گورننگ بورڈ میں چاروں ریجنز اور چار ڈپارٹمنٹ کے نمائندے شامل ہیں، جنہوں نے نئے چیئرمین کا انتخاب کیا۔شہریار خان اس سے قبل بھی سابق فوجی صدر پرویز مشرف کے دور میں 2003 سے 2006 تک پی سی بی کے چیئرمین رہ چکے ہیں۔ان کے سابقہ دور میں پاکستان نے ہر سال روایتی حریف ہندوستان سے سیریز کھیلنے کے ساتھ ساتھ دو مرتبہ پڑوسی ملک کی میزبانی بھی کی۔اب ایک بار پھر ان کے لیے ناصرف ملک میں عالمی کرکٹ کی بحالی ایک بہت بڑا چیلنج ہے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ روایتی حریف انڈیا سے بھی سابقہ دور کی طرح کرکٹ معاملات کو بحال کرنا ان کے لیے کوئی آسان کام نہ ہو گا۔

متعلقہ عنوان :