کراچی،ٹڈاپ کیس ، ایف آئی اے نے امین فہیم کے خلاف دائر تمام تر مقدمات کی تفصیلات عدالت میں پیش کردی،مخدوم امین فہیم کی حفاظتی ضمانت میں 15روز کی توسیع

منگل 19 اگست 2014 09:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19اگست۔2014ء)سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں دورکنی بنچ نے ٹڈاپ کیس میں ملوث پیپلز پارٹی کے رہنما مخدوم امین فہیم کی حفاظتی ضمانت میں 15روز کی توسیع کردی ہے جبکہ ایف آئی اے نے امین فہیم کے خلاف دائر تمام تر مقدمات کی تفصیلات عدالت میں پیش کردی ہے۔پیر کو عدالت نے ایف آئی اے حکامعدالت میں پیش ہوئے اورٹڈاپ اسکینڈل کے حوالے سے امین فہیم کے خلاف درج تمام تر مقدمات کی تفصیلات عدالت میں پیش کیں اور عدالت کو بتایا کہ مقدمات کے حوالے سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے ۔

جس پر عدالت نے مخدوم امین فہیم کی حفاظتی ضمانت کی درخواست میں 15روز کی توسیع کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی،واضح رہے کہ عدالت عالیہ نے گزشتہ سماعت پرایف آئی اے کوامین فہیم کے خلاف مزید مقدمات درج کرنے سے روک دیا تھا۔

(جاری ہے)

درخواست گزار مخدوم امین فہیم نے اپنے وکیل بیرسٹر فاروق ایچ نائیک کے توسط سے موقف اختیار کیا کہ دور وزارت کے حوالے سے ان کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کئے گئے ہیں، ایف آئی اے نے ٹڈاپ کرپشن کے حوالے سے انکوائری38/12شروع کی تھی اور اس حوالے سے 12مقدمات درج کئے گئے ہیں جن میں کرپشن اور منی لانڈرنگ کے الزامات شامل ہیں،درخواست میں کہا گیا ہے کہ ایف آئی اے تفتیش کے دوران اب تک ٹھوس شواہد شامنے نہیں لاسکی ہے،یہ بھی ثابت نہیں ہوسکا کہ درخواست گزار نے اس حوالے سے کوئی رقم وصول کی ہے،مقدمات کے چالان جمع کئے جاچکے ہیں مگر ان میں براہ راست مخدوم امین فہیم پر کوئی الزام نہیں،مقدمہ کے مطابق ایف ایس ایس کی تیاری میں بھی درخواست گزار کا کوئی کردار نہیں تھا، درخواست میں کہا گیا ہے کہ مخدوم امین فہیم علاج کے سلسلے میں 15مارچ2014کو بیرون ملک چلے گئے تھے اور24جون کو وطن لوٹے ہیں،ان کے بھائی نے مخدوم امین فہیم کی حفاظتی ضمانت کیلئے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔

متعلقہ عنوان :