پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی147کے 111پولنگ سٹیشنوں میں ڈالے گئے ووٹوں کے تھیلوں اور متعلقہ ریکارڈ کے از سر نو جائزے کا حکم

منگل 19 اگست 2014 09:33

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19اگست۔2014ء)جسٹس کاظم ملک پر مشتمل الیکشن ٹربیونل نے پاکستان تحریک انصا ف کے شعیب صدیقی کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کے دوران پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی147کے 111پولنگ سٹیشنوں میں ڈالے گئے ووٹوں کے تھیلوں اور متعلقہ ریکارڈ کے از سر نو جائزے کا حکم دے دیا ہے۔

(جاری ہے)

پی پی 147سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوارشعیب صدیقی نے اس حلقے سے کامیاب ہونے والے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے امیدوار محسن لطیف کو فریق بناتے ہوئے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ مذکورہ حلقے میں دھاندلی کرکے درخواست گزار کو دانستہ ہرایا گیا تھا۔

درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ پی پی147کے انتخابی ریکارڈ کا از سر نو جائزہ لیا جائے۔ فاضل عدالت نے گزشتہ روز اس درخواست کی سماعت کے دوران پر مذکورہ حلقے کے 111پولنگ اسٹیشنوں میں ڈالے گئے ووٹوں کے تھیلوں اور متعلقہ ریکارڈ کے از سر نو جائزے کا حکم دید یا۔