”خادم پنجاب کا کشتی کا سفر “،شدید طغیانی کے باوجود سیلابی ریلے سے گزر کر بدوملہی گئے،انتظامیہ کے منع کرنے کے باوجود کشتی میں بیٹھ کر سیلاب متاثرین تک پہنچے ، انتظامیہ سے مت ڈریں، حق سچ بات بتائیں، میں آپ کے مسائل حل کرنے یہاں پہنچا ہوں،شہبازشریف

پیر 8 ستمبر 2014 07:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8ستمبر۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے پنجاب کے سیلاب متاثرہ اضلاع کا 12گھنٹے طویل دورہ کیا -وہ آج ظفر وال ،دیہات تیرہ ،بدوملہی،بھنگالہ مالیاں، خانکی ہیڈ ورکس،قادر آباد، گجرات اور حافظ آبادکے علاقے جلالپور بھٹیاں گئے اور تمام صورتحال کا خود جائزہ لیا-وزیراعلیٰ شدید طغیانی کے باوجود سیلابی ریلے سے گزر کر بدوملہی کے متاثرہ علاقوں میں پہنچے-بعدازاں وزیراعلیٰ بدوملہی کے گاؤں بھنگالہ مالیاں میں کشتی میں بیٹھ کر سیلاب میں گھرے ہوئے لوگوں تک پہنچے۔

انتظامیہ کے منع کرنے کے باوجود وزیراعلیٰ نے کشتی کے پرخطرسفر پر اصرار کیا اور وفاقی وزیر احسن اقبال کو بھی اپنے ساتھ بٹھا لیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ایک میل تک سیلاب کے پانی میں سفر کیا۔

(جاری ہے)

گاؤں پہنچنے پر متاثرین نے وزیراعلیٰ کا پرتپاک استقبال کیا -

سینکڑوں مرد و خواتین نے شہباز شریف زندہ باد کے نعرے لگائے- لوگوں نے وزیر اعلیٰ کی طرف سے اُن مسائل میں خصوصی دلچسپی لینے اور متاثرہ علاقوں کا دو بار دورہ کرنے پر مسرت کا اظہار کیا اور ان کا شکریہ ادا کیااور اس امید کا اظہار کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی دلچسپی سے ان کے آزمائش کے یہ دن کٹ جائیں گے اور متاثرہ علاقوں میں زندگی دوبارہ معمول پر آجائے گی۔

وزیراعلیٰ نے گاؤں والوں کو امدادی سرگرمیوں کے بارے میں صحیح حقائق بتانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ انتظامیہ سے مت ڈریں، حق سچ بات بتائیں، میں آپ کے مسائل حل کرنے یہاں پہنچا ہوں۔ وزیراعلیٰ نے کشتی کے ذریعے بھنگالہ مالیاں میں متاثرین کو فراہم کردہ سہولتوں کو جائزہ لینے کیلئے اچانک چھاپہ مارا -وزیراعلیٰ نے گاؤں میں فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا-گاؤں میں متاثرین کے لئے خوراک ،پانی ، ڈاکٹرز اور ادویا ت کا بھی انتظام موجود تھا- اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے عوامی نمائندے امتحان پر پورا اترے ہیں-وفاقی وزیر احسن اقبال نے اس موقع پر کہاکہ مسلم لیگ (ن) اسی طرح عوام کی خدمت کرتی رہے گی-وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف اور وفاقی وزیر احسن اقبال نے مسلم لیگ (ن) کے عوامی نمائندوں اور انتظامیہ کو شاباش دی ۔

متعلقہ عنوان :