اسلام آباد پولیس میں تقرریوں اور تبادلوں کا فیصلہ،ایس ایس پی عصمت اللہ جونیجو کی خدمات واپس لینے کا فیصلہ ، آئی جی اسلام آباد نے سمری چیف کمشنر اسلام آباد کو بھجوادی

پیر 8 ستمبر 2014 07:22

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8ستمبر۔2014ء) اسلام آباد پولیس میں تقرریوں اور تبادلوں کا فیصلہ کرلیا گیا ۔ ایس ایس پی عصمت اللہ جونیجو کی خدمات واپس لینے کا فیصلہ ، آئی جی اسلام آباد نے سمری چیف کمشنر اسلام آباد کو بھجوادی ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کے دھرنوں کے دوران عصمت جونیجو کو ایس ایس پی اسلام آباد تعینات کردیا گیا تھا دھرنے کے دوران احتجاجی مظاہرین نے ان کو زخمی کردیا تھا جس سے وہ کئی روز پمز ہسپتال میں رہے جس کے بعد ان کی خدمات واپس لینے کے ساتھ ساتھ اسلام آباد پولیس میں کئی اہم تقرریاں اور تبادلے بھی کئے گئے ۔

عصمت اللہ جونیجو کی جگہ میر واعظ کو قائم مقام ایس ایس پی آپریشن تعینات کردیا گیا ہے اس کے ساتھ ساتھ ایس ایس پی سکیورٹی ملک مطلوب کو ایس ایس پی ٹریفک جبکہ ایس ایس پی سکیورٹی رضوان گوندل کوبھی ایس پی ٹریفک کا چارج دیا گیا ہے ادھر شاکر احمد شاہد کو ایس پی ڈی سی ڈی تعینات کردیا گیا اور سابقہ ایس پی ڈی سی ڈی سلمان احمد کو سنٹرل پولیس آفس رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

پولیس آفیسر کی تقرریوں اور تبادلوں کے حوالے سے آئی جی اسلام آباد طاہر عالم نے سمری قائم مقام چیف کمشنر اسلام آباد کو بھجوادی ہے جبکہ چیف کمشنر یہ سمری سیکرٹری داخلہ کو بھیجیں گے وزارت داخلہ سے سمری کی منظوری کے بعد حتمی تقرریوں اور تبادلوں کا فیصلہ ہوگا ۔