چیمپینز لیگ میں شرکت ،لاہور لائنز کو آج بھارتی ویزے ملنے کی توقع،لاہور لائنز کا پہلا کوالیفائنگ میچ تیرہ ستمبر کوممبئی انڈینز کے خلاف ہے

پیر 8 ستمبر 2014 03:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8ستمبر۔2014ء) پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی چیمپین ،لاہور لائنز کو چیمپینز لیگ میں شرکت کے لیے آج پیر کو بھارتی ویزے مل جائیں گے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابقچیمپینز لیگ میں لاہور لائنز کا پہلا کوالیفائنگ میچ تیرہ ستمبر کوممبئی انڈینز کے خلاف ہے۔ چودہ ستمبر کو وہ نادرن ڈسٹرکٹس کے خلاف میچ کھیلے گی جبکہ سولہ ستمبر کو آخری کوالیفائنگ میچ میں اس کا سامنا سدرن ایکپریس سے ہوگا۔

لاہور لائنز کے کپتان محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ بھارت کے عوام پاکستانی کرکٹرز کو بہت پسند کرتے ہیں اور انہیں اپنے سامنے کھیلتا دیکھنا چاہتے ہیں۔ ان کی کوشش ہوگی کہ ان کے کھلاڑی اپنے کھیل اور طرز عمل سے بھارت میں سفیر کا کردار ادا کریں۔محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ وہ بھرپور اعتماد کے ساتھ بھارت جارہے ہیں ان کی ٹیم ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتی آئی ہے اور اس میں چھ کھلاڑی وہ ہیں جو پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔

(جاری ہے)

لیکن دیگر کھلاڑی بھی باصلاحیت ہیں جو ڈومیسٹک کرکٹ میں اپنی عمدہ پرفارمنس سے پاکستانی ٹیم میں آنا چاہتے ہیں۔انہوں نے اس ضمن میں حافظ سعد کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مشکل حالات میں ٹیم کو کامیابی دلائی تھی۔چیمپینز لیگ میں اپنی ٹیم کی کامیابی کے امکانات کے بارے میں محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ ان کی توجہ صرف کوالیفائنگ راوٴنڈز پر نہیں ہے یہ ایک مرحلہ ہے جسے عبور کرکے وہ آگے جانا چاہتے ہیں اور ہر میچ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا چاہتے ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ سال چیمپینز لیگ میں پاکستان کی نمائندگی فیصل آباد وولوز نے کی تھی جس کے کپتان مصباح الحق تھے۔

متعلقہ عنوان :