ورلڈ کبڈی لیگ، سپورٹس بورڈ پنجاب کی ٹیم لاہور لائنز نے یویو ٹائیگرز کو شکست دیدی،لاہور لائنز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی گلوکار یویو ہنی سنگھ کی ٹیم کو 69-59 سے مات دی، شفیق چشتی مین آف دی میچ رہے، کھلاڑیوں نے کامیابی حاصل کرکے قوم کو ایک اور خوشی دی ہے ، صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود، لاہور لائنز کی دھاک پوری لیگ پر بیٹھ چکی ہے، ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور

پیر 8 ستمبر 2014 03:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8ستمبر۔2014ء) سپورٹس بورڈ پنجاب کی کبڈی ٹیم لاہور لائنز نے ورلڈ کبڈی لیگ کے تیسرے مرحلے میں بھارتی گلوکار یویوہنی سنگھ کی ٹیم یویو ٹائیگرز کو69-59 سے شکست دیدی، لاہور لائنز کے محمد شفیق چشتی مین آف دی میچ رہے۔ لاہور لائنز کے کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مخالف ٹیم کو ٹف ٹائم دیا،ریڈرز اور سٹاپرز نے بہترین کھیل پیش کیا اور پورے میچ کے دوران اپنی گرفت مضبوط رکھی، صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خان اور ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور نے لاہور لائنز کی ٹیم کو کامیابی پر مبارکباد دی ہے، تفصیلات کے مطابق سپورٹس بورڈ پنجاب کی ٹیم لاہور لائنز نے بھارت کے شہر لدھیانہ میں ورلڈ کبڈی لیگ کے تیسرے مرحلے میں اپنی مخالف ٹیم یویو ٹائیگرز کو69-59سے شکست دیدی، لاہور لائنز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے یویو ٹائیگرز کے کھلاڑیوں کو ناکوں چنے چبوا دیئے، لاہور لائنز کے کھلاڑیوں کے سامنے مخالف ٹیم کے کھلاڑی بے بس دکھائی دیئے، محمد شفیق چشتی نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے 30ریڈ کئے اور 29پوائنٹس حاصل کیے اور مین آف دی میچ قرار پائے۔

(جاری ہے)

لاہور لائنز کے کھلاڑی یویو ٹائیگرز پر کامیاب حملے کرکے مسلسل پوائنٹس حاصل کرتے رہے جبکہ سٹاپرز کا کھیل بھی انتہائی جاندار رہا، انہوں نے مخالف ٹیم کو کم سے کم پوائنٹس دیئے اس طرح مجموعی طور پر لاہور لائنز نے اعلیٰ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے فتح حاصل کی۔صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد اور ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور نے لاہور لائنزکی ٹیم کو فتح پر مبارکباد دی،اپنے پیغام میں رانا مشہود احمد نے کہا کہ ہمارے کھلاڑیوں نے لیگ میں اپنی پوزیشن مضبوط کرلی ہے، کھلاڑیوں نے کامیابی حاصل کرکے قوم کو ایک اور خوشی دی ہے جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں، انشاء اللہ لاہور لائنز کے کھلاڑی لیگ میں فاتح رہیں گے۔

ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہمیں اپنے نوجوانوں سے یہی توقع تھی کیونکہ ان کے کھیل کی دھاک پوری لیگ میں بیٹھ چکی ہے، کھلاڑیوں کو جس طرح جدید تربیت دی گئی تھی انہوں نے اس کا بھرپور استعمال کیا اور فتح سے ہمکنار ہوئے، انشاء اللہ آئندہ میچوں میں بھی پنجاب کے شیر قوم کو مایوس نہیں کریں گے، لاہور لائنز اپنی فتوحات کا سلسلہ جاری رکھے گی۔

متعلقہ عنوان :