ضمنی انتخابات، جاوید ہاشمی کے مقابلے میں پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ(ن) کا امیدوار نہ کھڑا کرنے کا فیصلہ ،تحریک انصاف کا مخدوم شاہ محمود قریشی کے بیٹے زین قریشی کو مقابلے میں لانے کا فیصلہ

پیر 15 ستمبر 2014 09:05

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15ستمبر۔2014ء)ضمنی انتخابات میں جاوید ہاشمی کے مقابلے میں پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ(ن) کا امیدوار نہ کھڑا کرنے کا فیصلہ جبکہ تحریک انصاف کا ان کے مقابلے میں مخدوم شاہ محمود قریشی کے بیٹے زین قریشی کو مقابلے میں لانے کا فیصلہ ۔ذرائع نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ مسلم لیگ(ن) نے مخدوم جاوید ہاشمی کو یہ پیغام پہنچایا ہے کہ ان کے مقابلے میں مسلم لیگ(ن) نے اپنا امیدوار کھڑا نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور مسلم لیگ(ن) ضمنی انتخاب میں مخدوم جاوید ہاشمی بھرپور حمایت کرے گی جبکہ ذرائع نے مزید بتایا کہ پیپلزپارٹی کے شریک چےئرمین آصف علی زرداری نے بھی چند دن پہلے مخدوم جاوید ہاشمی کو ٹیلی فون کیا اور ان کی جمہوریت کیلئے خدمات کی تعریف کی اور انہیں یہ یقین دلایا کہ پیپلزپارٹی ان کی ضمنی انتخاب میں حمایت کرے گی اور ان کے مقابلے میں اپنا امیدوار کھڑا نہیں کرے گی۔

(جاری ہے)

ذرائع نے مزید بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چےئرمین عمران خان نے مخدوم شاہ محمود قریشی سے کہا ہے کہ وہ اپنے بیٹے زین قریشی کو مخدوم جاوید ہاشمی کے مقابلے میں الیکشن لڑوائیں اور مخدوم شاہ محمود قریشی اپنے بیٹے کو جاوید ہاشمی کے مقابلے میں مد مقابل لانے میں تذبذب کا شکار ہیں۔واضح رہے کہ ماضی میں مخدوم شاہ محمود قریشی اور مخدوم جاوید ہاشمی ایک دوسرے کے مد مقابل الیکشن لڑتے رہے ہیں۔