ہسپتالوں کی ایمرجنسی میں ادویات نہ فوری طبی امداد، حکمران خود وینٹی لیٹر پر ہیں: چودھری پرویز الٰہی ،دھرنوں سے توجہ ہٹانے کیلئے پیشگی اطلاع کے باوجود لاکھوں عوام کو سیلاب کے حوالے کر دیا، تیسری بار وزیراعظم بننے کیلئے کالاباغ ڈیم اور پنجاب کے مفادات کا سودا کیا ،حکمران بے نقاب ہو گئے: میڈیا سے گفتگو

پیر 15 ستمبر 2014 09:01

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15ستمبر۔2014ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ شہباز شریف کی نااہلی اور ڈاکٹروں و شعبہ صحت کے مسائل حل نہ کرنے کی وجہ سے ہسپتالوں کی ایمرجنسی میں بھی ادویات ملتی ہیں نہ فوری طبی امداد، مریض تڑپ تڑپ کر مر جاتے ہیں اور لواحقین آہ و زاری کے سوا کچھ نہیں کر سکتے، حکومت اب خود وینٹی لیٹر پر ہے اور اس کا کوئی مستقبل نہیں، دھرنوں سے توجہ ہٹانے کیلئے پیشگی اطلاع کے باوجود لاکھوں عوام کو سیلاب کے حوالے کر دیا گیا۔

وہ یہاں مسلم لیگی کارکن شفیق ملک اور کبیر ملک کی رہائش گاہ پر ان کی والدہ کیلئے فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ مرحومہ شبیر ملک، جہانگیر ملک اور تنویر ملک کی بھی والدہ تھیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اہل علاقہ نے پی آئی سی میں مریضہ کو بروقت طبی امداد نہ دینے پر شدید احتجاج کیا اور بتایا کہ وہ امداد کے انتظار میں ایمرجنسی کی انتظار گاہ میں ہی جاں بحق ہو گئیں کیونکہ ہسپتال کے سٹاف نے بار بار درخواست کے باوجود کوئی توجہ نہیں دی۔

چودھری پرویزالٰہی نے اس صورتحال پر میڈیا کی جانب سے ان کے دور میں ہسپتالوں باالخصوص ایمرجنسی کی صورتحال کی تعریف پر کہا کہ موجودہ حکمرانوں کو عوام کے جان و مال، صحت اور تعلیم سے کوئی دلچسپی نہیں وہ صرف نعروں اور ڈرامہ بازی پر یقین رکھتے ہیں جبکہ ہم نے تمام شعبوں میں عام اور غریب آدمی کی فلاح کیلئے عملی اقدامات کیے، ہسپتالوں کی ایمرجنسی پر خصوصی توجہ دی، مہنگی ادویات بھی مفت دی جاتی تھیں۔

اس سوال پر کہ اب جبکہ پارلیمنٹ میں 11 جماعتیں حکومت کے ساتھ کھڑی ہیں وہ انہیں کالا باغ ڈیم بنانے پر آمادہ کیوں نہیں کرتی چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ انہوں نے تیسری بار وزیراعظم بننے کیلئے پنجاب کے مفادات کا سودا کیا اور کالاباغ ڈیم نہ بنانے اور پنجاب کیلئے بجلی و گیس کے حصہ میں کمی کا سمجھوتہ کر رکھا ہے جبکہ ہم نے پرویزمشرف کے دور میں تمام تر دباؤ کے باوجود آبادی کی بنیاد پر وسائل کی تقسیم پر سمجھوتہ نہ کیا اور دوسرے صوبوں پر کالا باغ ڈیم بنانے پر زور دیا تاکہ بجلی، آبپاشی کیلئے پانی اور سیلاب جیسے بنیادی مسائل سے احسن طور پر نمٹا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو اب جانا ہو گا، عوام کے سامنے ان کے تمام جھوٹے وعدے اور ڈرامے بے نقاب ہو چکے ہیں یہی وجہ ہے کہ وہ جس سیلاب زدہ علاقہ میں ہیلی کاپٹر سے اترتے ہیں گو نواز گو کے نعروں سے ان کا استقبال کیا جاتا ہے۔ انہوں نے پاک فوج اور ریسکیو 1122 کے علاوہ ان تنظیموں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا جو اپنی جانوں پر کھیل کر عوام کو ریسکیو اور خدمت کر رہے ہیں۔ انہوں نے دھرنا میں شریک کارکنوں و رہنماؤں کی لاہور، اسلام آباد اور دیگر شہروں میں گرفتاریوں اور گھروں پر چھاپوں کے دوران چادر چار دیواری کا تقدس مجروح کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے دن تھوڑے ہیں، دھرنوں کا مستقبل تو ہے لیکن حکومت کا بالکل کوئی مستقبل نہیں۔

متعلقہ عنوان :