عالمی منڈی میں خام تیل کی مسلسل گرتی قیمتوں کے باعث تشویش، اوپیک نے آئندہ ماہ اجلاس طلب کر لیا

بدھ 15 اکتوبر 2014 09:12

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔15اکتوبر۔2014ء)عالمی منڈی میں خام تیل کی مسلسل گرتی قیمتوں کے باعث تشویش میں اضافہ ہوگیا ہے جس کے باعث اوپیک نے آئندہ ماہ اجلاس کا اعلان کردیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں مسلسل گراوٹ کا شکار ہیں جس کے سبب تیل کی 40فیصد پیداوار دینے والے ممالک کی تشویش میں بھی اضا فہ ہورہا ہے۔

(جاری ہے)

اس صور ت حال کے باعث اوپیک کی جانب سے آئندہ ماہ 27 نومبر کو ویانا میں اجلاس بلایا گیا ہے جس میں ارکان ممالک کی جانب سے تیل کی پیداوار اور اسکی قیمتوں کے تعین کے حوالے سے بات چیت کی جائے گی۔ اوپیک ممالک کے درمیان تیل کی پیداوار کے حوالے سے مسابقت بڑھ جانے کے باعث اسکی قیمتیں گراوٹ کا شکار ہیں تاہم سعودی عرب اور کویت کی جانب سے کم قیمت برداشت کرتے ہوئے اسکی پیداوار میں کمی نہ کیے جانے کا امکان ظاہر کردیا گیا ہے۔