ہیکرز نے لاہور ہائیکورٹ کی ویب سائٹ ہیک کر لی، ویب سائٹ پر بھارتی پرچم چسپاں کر دیا گیا

بدھ 15 اکتوبر 2014 09:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔15اکتوبر۔2014ء) ہیکرز نے لاہور ہائیکورٹ کی ویب سائٹ ہیک کر لی۔ ویب سائٹ پر بھارتی پرچم چسپاں کر دیا گیا۔ویب سائت پر ہیکرز نے لکھا کہ بلاول بھٹوکے کشمیر سے متعلق بیان پر ویب سائٹ ہیک کی گئی۔ بلاول آئندہ بچگانہ بیان نہ دیں۔بعد ازاں ماہرین آئی ٹی نے ویب سائٹ بحال کر دی۔ لاہور ہائیکورٹ کا سارا ریکارڈ اور کیسوں کے حوالے سے ”ڈیٹا “محفوظ رہا۔

لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس منصور علی شاہ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے اسکی تحقیقات کے لئے پنجاب انفامیشن ٹیکنالوجی اور دیگر ماہرین آئی ٹی کو آج پندرہ اکتوبر کو طلب کر لیا۔ لاہور ہائیکورٹ کی ویب سائٹ کو ساہونامی بھارتی ہیکرز کے گروپ کی طرف سے ہیک کرتے ہوئے اس پر بھارتی پرچم اوروزیر اعظم نریندری مودی کی تصاویر کو چسپاں کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی ہیکرز کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ کی ہیک کردہ ویب سائٹ پر پیغام میں کہا گیا ہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹونے ”کشمیر بنے گا پاکستان“ اور” لواں گے لواں گے پورا کشمیر لواں گے “کی ٹویٹ جاری کی تھی جس کے جواب میں لاہور ہائیکورٹ کی ویب سائٹ ہیک کی گئی ہے ، ہیکرز نے پیغام میں کہا ہے کہ بلاول بھٹو آئندہ بچگانہ بیان بازی سے گریز کریں کیونکہ کشمیر بھارت کا حصہ ہے جسے کوئی نہیں چھین سکتا ، بھارتی ہیکرز نے پیغام میں دھمکی دی ہے کہ اگر کشمیر سے متعلق بیانات نہ روکے گئے تو پاکستان کے سرکاری اداروں کی مزید ویب سائٹس کو بھی ہیک کیا جائیگا۔