اسٹریلیا کا 15 ملین ڈالرز سرمایہ کاری کرنے والوں کو مستقل ویزا دینے کا اعلان،5 سے 15 ملین تک سرمایہ کاری کرنے والوں کو ہرممکن تحفظ فراہم کیا جائے گا، وزیراعظم

بدھ 15 اکتوبر 2014 09:12

سڈنی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔15اکتوبر۔2014ء ) آسٹریلیا نے ایسے افراد کو فاسٹ ٹریک ویزا دینے کا اعلان کیا ہے جو ملک میں 15 ملین اسٹریلین ڈالر کی سرمایہ کاری کریں گے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق آسٹریلوی وزیراعظم ٹونی ایبٹ نے امیگریشن اینڈ ٹریڈ منسٹرز کے ہمراہ مشترکہ بیان میں نئی ویزا پالیسی جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایسے افراد جو ملک میں کم سے کم 5 ملین آسٹریلین ڈالرز کی سرمایہ کاری کریں گے انہیں کم سے کم 4 سالہ ویزا جاری کیا جائے گا جبکہ 15 ملین تک سرمایہ کاری کرنے والوں کو انتہائی کم وقت میں مستقل ویزا دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس چیز کو یقینی بنایا جائے گا کہ سرمایہ کار ملکی ترقی میں اہم خدمات انجام دینے والے شعبہ جات میں سرمایہ کاری کریں جبکہ فاسٹ ٹریک ویزا پالیسی کے غلط استعمال کو روکنے کے لئے بھی حفاظتی اقدامات کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

محکمہ امیگریشن کے مطابق نومبر 2012 سے اب تک 436 ایسے بزنس ویزے جاری کئے گئے جنہیں شہریت دے دی گئی ہے جبکہ اس پروگرام کے تحت ملک میں 2.18 بلین ڈالرز کی سرمایہ کاری کی گئی ہے جس میں 88 فیصد افراد کا تعلق چین سے ہے۔

آسٹریلین حکومت نے ”اسکلز ویزا“ پالیسی پر بھی نظر ثانی پر غور شروع کردیا ہے جسے گزشتہ حکومت نے لیبر قوانین کی خلاف ورزی اور مقامی افراد کی حق تلفی کے الزامات کے بعد سخت کردیا تھا تاہم ایک مرتبہ پھر موجودہ حکومت نے اسکلز ویزا کے اجرا میں نرمی کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :