حیدرآباد،گھات لگائے دہشت گردوں کی محکمہ آبپاشی کے ریٹائرڈ چیف انجینئر کے گھر پر اندھادھند فائرنگ ،پاک فوج کے افسر کو شہید اور دو بھائیوں کو شدید زخمی کرکے فرار

بدھ 15 اکتوبر 2014 09:09

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔15اکتوبر۔2014ء) سینٹرل جیل کے قریب صحافی کالونی میں گھات لگائے بیٹھے دہشت گردوں نے محکمہ آبپاشی کے ریٹائرڈ چیف انجینئر کے گھر پر اندھادھند فائرنگ کرکے پاک فوج کے افسر کو شہید اور ان کے دو بھائیوں کو شدید زخمی کردیا اور فرار ہوگئے، تفصیلات کے مطابق سینٹرل جیل کے قریب رہائش پذیرمحکمہ آبپاشی کے ریٹائرڈ چیف انجینئر غلام نبی مغل کے گھر کے باہر گھات لگا کر بیٹھے دہشت گردوں نے اچانک اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں پاک فوج کے سیکنڈ لیفٹنٹ ہادی بخش مغل اوران کے دو بھائی فیصل مغل ایڈوکیٹ اور حسنین مغل زخمی ہوئے ، اس واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور شہر کے داخلی اور خارجی راستوں کی ناکہ بندی بھی کی گئی ،واقعے میں زخمی ہونے والے پاک فوج کے سیکنڈ لیفٹنٹ کو سی ایم ایچ جبکہ ان کے دونوں زخمی بھائیوں کو سول اسپتال حیدرآباد منتقل کیا گیا پاک فوج کے سیکنڈ لیفٹنٹ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے ، جبکہ ان کے دونوں بھائیوں کو سول اسپتال سے علاج کے لئے نجی اسپتال منتقل کردیا گیا علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ نامعلوم دہشت گرد غلام نبی مغل کے گھر کے باہر گھات لگائے بیٹھے تھے فیصل مغل ایڈوکیٹ نے گھر سے باہر جانے کے لئے گھر کا دروازہ کھولا تو دہشت گردوں نے فائرنگ کردی اسی دوران فائرنگ کی آوازیں سن کر ان کے دو بھائی ہادی بخش اور حسنین مغل اندر سے بھاگ کر پہنچے تو دہشت گردوں نے انہیں بھی فائرنگ کا نشانہ بنا ڈالا پاک فوج کے سیکنڈ لیفٹنٹ ہادی بخش مغل کو تشویشناک حالت میں سی ایم ایچ لے جایاگیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے، ہادی بخش مغل کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ان کے ورثاء کے حوالے کردی گئی ۔

متعلقہ عنوان :