آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ سیریز : پی سی بی نے ممکنہ طور پر 19رکنی سکواڈ کا اعلان کردیا ، مصباح الحق کپتان ، یونس خان بھی ٹیم میں شامل ، حتمی 15رکنی سکواڈ کا اعلان 18اکتوبر کو کیا جائیگا ، وہاب ریاض اور جنید خان زخمی ہونے کے باعث ٹیم میں شامل نہیں ، حفیظ کو شامل کرلیا گیا ، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 22اکتوبر سے شروع ہوگا

بدھ 15 اکتوبر 2014 08:54

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔15اکتوبر۔2014ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) نے آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے ممکنہ طور پر 19 رکنی سکواڈ کا اعلان کردیا ، یونس خان سکواڈ میں شامل ،حتمی 15رکنی سکواڈ کا اعلان پریکٹس میچ کے بعد کیا جائیگا ، آسٹریلیا کیخلاف 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آغاز 22اکتوبر سے ہوگا ۔ پی سی بی کے مطابق 19رکنی سکواڈ میں ٹیم کی قیادت مصباح الحق کرینگے جبکہ ون ڈے سکواڈ کا حصہ نہ بننے والے یونس خان کو ٹیسٹ سکواڈ کا حصہ بنا دیا گیا دیگر کھلاڑیوں میں احمد شہزاد ، محمد حفیظ ، توفیق عمر ، سمیع اسلم ، یونس خان ، محمد شفیق ، شان مسعود ،حارث سہیل ، محمد طلحہ ، راحت علی ، عمران عادل ، سرفراز احمد ، ذوالفقار بابر ، رضا حسن ، اظہر علی ، یاسر شاہ اور عطاء اللہ شامل ہیں ، جنید خان اور وہاب ریاض کو انجری کے باعث ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا آسٹریلیا کیخلاف حتمی ٹیم کا اعلان اٹھارہ اکتوبر کے پریکٹس سیشن کے بعد ہوگا دونوں ٹیم کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 22اکتوبر کو کھیلا جائے گا ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پی سی بی نے پہلے اعلان کیا تھا کہ سکواڈ کا اعلان چار روزہ ٹیسٹ میچ کے بعد کیا جائے گا جس میں نئے لڑکوں کی کارکردگی کو جانچا جائے گا مگر بورڈ میں مختلف تنازعات اور افواہیں گردش کرنا شروع ہوگئی جن کو ختم کرنے کیلئے ممکنہ طور پر 19رکنی سکواڈ کا اعلان کردیا گیا تاکہ موجودہ ابہام ختم ہوسکے ۔