سیلاب متاثرین کو تیز رفتاری سے شفاف انداز میں مہینوں کی بجائے دنوں میں پہلی قسط کی ادائیگی ایک انقلاب ہے ،شہبازشریف،شفاف اور فول پروف نظام کے ذریعے سیلاب زدگان کو مالی امداد کی ادائیگی کی جارہی ہے ،کوئی حقدار حق سے محروم نہیں رہے گا،جن لوگوں کا ذریعہ معاش متاثر ہواہے انہیں بھی مالی امداد دیں گے ، مویشیوں کے نقصانات کا بھی ازالہ کریں گے ،سروے کی بنیاد پر گھروں او رفصلوں کے نقصانا ت کا ازالہ کرنے کے لئے دوسری قسط کی ادائیگی کے پروگرام کو جلد حتمی شکل دی جائے ،وزیراعلیٰ کی ہدایت ،وزیراعلیٰ کا بعض امور میں تاخیر او رجامع منصوبہ بندی کے فقدان پر متعلقہ حکام کی سرزنش ،متعلقہ محکمے، افسران او رحکام محنت او رجذبے سے کام کریں ، وزیراعلیٰ کا اجلاس سے خطاب

بدھ 15 اکتوبر 2014 08:59

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔15اکتوبر۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ تاریخ کے بدترین سیلاب نے پنجاب کے مختلف علاقوں میں بے پناہ تباہی مچائی- فصلوں، مویشیوں، املاک او رانفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا-پنجاب حکومت کے بروقت اقدامات کی بدولت ہزاروں انسانی جانیں بچائی گئیں - پہلے مرحلے میں سیلاب زدگان کو وعدے کے مطابق مہینوں میں نہیں بلکہ دنوں میں نقصانات کے ازالے کی پہلی قسط کی ادائیگی کا عمل مکمل کیا جا چکاہے-سیلاب متاثرین کو تیز رفتاری سے شفاف انداز میں پہلی قسط کی ادائیگی ایک انقلاب ہے -سیلاب زدگان کی اپنے گھروں میں دوبارہ آباد کاری تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،یہ بات وزیراعلی محمد شہبازشریف نے یہاں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر تے ہو ئے کہی جس میں سیلاب متاثرین کو سروے کی بنیاد پر گھروں، فصلوں اور ذریعہ معاش کے نقصانا ت کے ا زالہ کے لئے مالی امداد کی دوسری قسط کی ادائیگی کے پروگرام کا جائزہ لیا گیا،

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سیلاب سے جن لوگوں کا ذریعہ معاش متاثرہوا ہے انہیں بھی مالی امداد دیں گے اور مویشیوں کے نقصانات کا بھی ا زالہ کریں گے-تمام حقداروں کو انکا حق دیا جائے گا-وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ سروے کی بنیاد پر تخمینہ لگا کر گھروں اور فصلوں کے نقصانات کا ازالہ کرنے کے لئے دوسری قسط کی ادائیگی کے پروگرام کو جلد حتمی شکل دی جائے - جن علاقوں میں ابھی تک پانی کھڑاہے وہاں پر فی الفور نکاسی کا انتظام کیاجائے اوروبائی امراض کی روک تھام کے لئے ایسے علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر جراثیم کش سپرے کرنے کا کام جاری رکھاجائے -انہو ں نے کہاکہ نقصانات کے سروے کا تھرڈ پارٹی آڈٹ ہو گا -سیلاب زدگان کو ایک شفاف اور فول پروف نظام کے ذریعے مالی امداد کی ادائیگی کی جا رہی ہے -کوئی حقدار اپنے حق سے محروم نہیں رہے گا-وزیراعلیٰ نے بعض امور میں تاخیر اور جامع منصوبہ بندی کے فقدان پر برہمی کا اظہار اور متعلقہ حکام کی سرزنش کرتے ہوئے یہ شعر پڑھا:-” مسافر شب کو اٹھتاہے ، جو جانا دور ہوتاہے “اور ہدایت کی کہ متعلقہ محکمے، افسران سیلاب زدگان کی بحالی کے لئے محنت، لگن اورجذبے سے کام کریں -تمام متعلقہ حکام اسی جوش او رجذبے سے فرائض سر انجام دیں جس طرح سیلاب زدگان کے لئے ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں کام کیا گیاہے-وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ آئندہ اجلاس میں متعلقہ محکمو ں کے وزیر اور سیکرٹریز خود آ کر بریفنگ دیں،ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نے دوسرے مرحلے میں مالی امداد کی ادائیگی کے طریقہ کار پر بریفنگ دی -اجلاس میں صوبائی وزراء کرنل (ر) شجاع خانزادہ ، مجتبیٰ شجاع الرحمن، ترجمان حکومت پنجاب زعیم حسین قادری، ایم پی اے عائشہ غوث پاشا، چیف سیکرٹری ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :