عالم اسلا م دشمن کی سازشوں سے خبردار رہیں،سعودی مفتیِ اعظم

منگل 28 اکتوبر 2014 07:49

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔28اکتوبر۔2014ء) سعودی عرب کے مفتیِ اعظم شیخ عبدالعزیز آل الشیخ نے مسلم دنیا پر زوردیا ہے کہ وہ اتحاد کا مظاہرہ کرے اور دشمن کی سازشوں سے خبردار رہے۔سعودی مفتی اعظم نئے اسلامی سال کے آغاز کے موقع پر اپنے ہفتہ وار پروگرام میں مسلمانوں سے مخاطب تھیہوتے ہوے کہا کہ ''ہماری اْمت (مسلم دنیا) اس وقت ایک نازک دور سے گزر رہی ہے۔

اسلام کے دشمنوں سے مختلف قسم کے چیلنجز درپیش ہیں۔وہ مسلمانوں کو اللہ کے راستے سے بھٹکانا چاہتے ہیں تاکہ انھیں تنازعات اور تقسیم کا شکار کرسکیں''۔انھوں نے مسلمانوں پر زوردیا ہے کہ وہ قرآن وسْنت کی تعلیمات کی پاسداری کریں۔ان کا کہنا تھا کہ ''مسلم اور عرب دنیا کو اس وقت بہت ہی دردناک اور افسوس ناک صورت حال کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

ان دھماکوں اور تنازعات نے ملکوں اور ان کے ڈھانچوں ،زراعت اور سرزمین کو تباہ کردیا ہے۔

ان سے تقسیم نے جنم لیا ہے اور ان کے بیٹے بے گھر ہوگئے ہیں''۔ شیخ عبدالعزیز آل الشیخ کا کہنا تھا کہ ''اللہ سے رجوع ، شریعت اور پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کی پیروی کے بغیر ان بغاوتوں اور خرافات سے چھٹکارا ممکن نہیں ہے۔جب تک سلمانوں میں اختلافات برقرار رہتے ہیں اور وہ اللہ کے دین سے دور رہتے ہیں،تو انھیں اسی طرح اتھل پتھل کا سامنا رہے گا''۔انھوں نے کہا کہ ''نئے ہجری سال 1436ء کا آغاز ہوچکا ہے،میری اللہ سے دعا ہے کہ وہ اس کو مسلمانوں کے لیے اچھائی اور رحمتوں کا سال بنائے۔وہ ہمیں اپنی پسند کے مطابق کامیابیاں عطاکرے ،ہمارے گناہوں اور غلطیوں کو معاف کرے اور ہماری توبہ کو قبول کرے''۔