بنوں میں آئی ڈی پیز قبائل کا گرینڈ جرگہ، چارٹر آف ڈیمانڈ پیش ،18 کروڑ عوام کے لئے اپنے گھر بار چھوڑ کر آج آئی ڈٰی پیز کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں،با عزت طریقے سے اپنے گھرو ں کو واپسی چاہتے ہیں،ہمیں ایف ڈی ایم اے جیسے کرپٹ محکمے کے حوالے کردیا گیا‘موسم کی تبدیلی کی وجہ سے ہمیں کوئی پیکیج نہیں دیا گیا‘آپریشن کا ہمیں ٹائم فریم دیا جائے،ہمارے مطالبات پر عمل نہ کیا گیا تو محرم کے بعد متحد قبائل کے لاکھوں افراد کا دھرنا پشاور اور اسلام آباد میں ہوگا‘ آئی ڈی پیز مشران

منگل 28 اکتوبر 2014 07:45

بنوں(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔28اکتوبر۔2014ء)بنوں میں آئی ڈی پیز قبائل کا مشترکہ گرینڈ جرگہ منعقد ہوا۔ جرگے سے آئی ڈی پیز مشران نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو وزیرستان سے متعلق چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کردیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وہ با عزت طریقے سے واپسی چاہتے ہیں وہ 18 کروڑ عوام کے لئے اپنے گھر بار چھوڑ کر آج آئی ڈٰی پیز کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

آئی ڈی پیز ہ قبائل کا مشترکہ گرینڈ جرگہ بنوں ٹاون شپ میں منعقد ہوا۔جرگے میں کثیر تعداد میں آئی ڈی پیز مشران نے شرکت کی مشران نے کہا کہ وزیرستان کیلئے ہم نے چارٹر آف ڈیمانڈ حکومت کو پیش کردی ہے۔ ہم با عزت طریقے سے واپسی مانگتے ہیں آج تک تمام قبائل متحد ہیں ہمارے قبائل کی تعداد 1 کروڑ 20 لاکھ ہے جنہوں نے 18 کروڑ عوام کیلئے قربانی دی ہے۔

(جاری ہے)

اپنے گھر بار چھوڑ کر آج آئی ڈٰی پیز کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ہمارے مسائل بہت زیادہ ہیں ہمیں جو راشن دیا جا رہا ہے۔وہ جانوروں کے کھانے کا بھی نہیں ہے۔ہمیں ایف ڈی ایم اے جیسے کرپٹ محکمے کے حوالے کردیا گیا ہے۔موسم کی تبدیلی کی وجہ سے ہمیں کوئی پیکیج نہیں دیا گیا۔ آپریشن کا ہمیں ٹائم فریم دیا جائے کیونکہ اس جنگ کی وجہ سے ہم 10 لاکھ سے زائد لوگ بے گھر ہوئے ہیں۔

ہمارے بچوں کی تعلیم ضائع ہورہی ہے۔ ایسا ہی آپریشن جنوبی وزیرستان میں بھی شروع کیا گیا تھا آج 7 سال ہوگئے مگر وہ آئی ڈی پیز بھی ابھی تک واپس نہ جاسکے۔ ہماری واپسی پر پہلے مشران کو وہاں کا وزٹ کرایا جائے تاکہ نقصان کا تخمینہ لگایا جاسکے کیونکہ ہم نے پاکستان کی بقا کی خاطر ہجرت کرکے آئے ہیں۔ اگر ہمارے مطالبات پر عمل نہ کیا گیا تو محرم کے بعد متحد قبائل کا لاکھوں افراد کا دھرنا پشاور اور اسلام آباد میں ہوگا۔