سرگودھا ،کورٹ کیس ہارنے پر ایم این اے ذوالفقار بھٹی اور انکے حواریوں کا ایگزیکٹو آفیسر اور بلنگ آفیسر پر تشدد ،غلیظ گالیاں دیں،ریجنل منیجر اپنے کمرے میں یہ تماشہ دیکھتے رہے‘ ایم این اے اور ا نکے 20 حواریوں کے خلاف تھانے میں ایف آئی آر دے دی گئی ،عملہ نے کام کرنے سے انکار کر دیا‘

منگل 28 اکتوبر 2014 07:42

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔28اکتوبر۔2014ء)کورٹ کیس ہارنے پر ایم این اے ڈاکٹر ذوالفقار بھٹی اور ان کے 20 حواریوں نے ایگزیکٹو آفیسر اور بلنگ آفیسر کو تشدد کا نشانہ اور غلیظ گالیاں دی‘ ریجنل منیجر اپنے کمرے میں یہ تماشہ دیکھتے رہے‘ ایم این اے اور ا نکے 20 حواریوں کے خلاف تھانے میں ایف آئی آر دے دی گئی عملہ نے کام کرنے سے انکار کر دیا‘ تفصیلات کے مطابق چند روز قبل محکمہ سوئی گیس کی ٹیم نے سرگودھا میں 36 ایسے افراد جنہوں نے کورٹ کیسز کیے ہوئے تھے‘ اور وہ کیس ہار گئے تھے‘ اوگرا قانون کے تحت انہیں فوری طور پر اتارنے کیلئے تین مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں‘ سوئی گیس کی ٹیم‘ بلنگ آفیسر قاسم اقبال کے حکم پر محمد صدیق ولد عطاء محمد کا میٹر کنزیومر نمبر 6283921000 مین بازار بھاگٹانوالہ کا میٹر کاٹ کر دفتر لے آئی تھی‘ اسی اثناء بیکری کا کام کرنے والے ڈاکٹر ذوالفقار ایم این اے سے کروانے لگے‘ جس پر بلنگ آفیسر قاسم اقبال نے بتایا کہ صارف نے محکمہ سوئی گیس کے 8 لاکھ 50 ہزار 73 روپے دینے ہیں‘ اس نے یہ رقم نہیں دی جس کی بناء پر اس کا میٹر کورٹ کیس ہارنے اور اوگرا پالیسی کے تحت کاٹ لیا گیا تھا‘ اور جب تک یہ رقم ادا نہیں کر دیتے ان کا یہ میٹر نہیں لگ سکتا

جس پر مقامی ایم این اے ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی اور اس کے 20 حواری گزشتہ روز سوئی گیس دفتر پہنچ گئے اور انہوں نے (عارضی) آر یم ظفر اقبال کے دفتر میں بلنگ آفیسر قاسم اقبال کو بلایا‘ جس پر ایم این اے اور اس کے 20 افراد نے قاسم اقبال کو تشدد کا نشانہ بنانا شروع کر دیا جس پر ایگزیکٹو آفیسر خالد اسلم بچ بچاؤ کرانے آئے تو انہیں بھی غلیظ گالیاں دینا شروع کر دیں‘ جبکہ آر ایم یہ تمام تماشہ دیکھتے رہے‘ جیسے ہی واقعہ کی اطلاع باہر پہنچی تو محکمہ سوئی گیس کا تمام عملہ آر ایم دفتر کے باہر پہنچ گیا اور اس نے نعرے بازی کرنا شروع کر دی جس پر آر ایم نے معاملے کو رفع دفع کروایا جبکہ محکمہ سوئی گیس کے ملازمین کا کہنا تھا کہ جبکہ ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی کے حواری دفتر سے نہیں نکل جاتے ہم نہیں جائیں گے‘ جس پر ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی نے اپنے تمام حواریوں کو دفتر سے باہر جانے کا کہا۔

(جاری ہے)

جس پر کنزیومر نے کہا کہ میں نے مقامی عدالت سے میٹر لگوانے کا سٹے لے لیا ہے‘ لہٰذا میرا میٹر لگایا جائے میں نے محکمہ کو 70 ہزار روپے کی ادائیگی کر دی ہے‘ جس پر بلنگ آفیسر قاسم اقبال نے کہا کہ آپ کی جمع ہونے والی رقم سسٹم میں شو نہیں ہو رہی‘ جب تک یہ رقم شو نہیں ہو گی‘ اس وقت تک ری کنشن نہیں بنے گی‘ لیکن بعد ازاں آر ایم ظفر اقبال نے معاملے کو رفع دفع کروانے کے لئے کورٹ آرڈر کی کاپی لے کر محمد صدیق ولد عطاء محمد سکنہ بھاگٹانوالہ کا میٹر فوری طور پر لگوانے کیلئے ٹیم بھجوا دی۔

ایم این اے اور اس کے حواریوں کے جانے کے بعد بلنگ آفیسر قاسم اقبال نے ایم این اے حلقہ این اے 67 ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی اور اس کے 20 نا معلوم افراد کے خلاف مقدمہ کے اندراج کیلئے درخواست دے دی۔