افغان صدر کا دورہ سعودی عرب،عمرہ ادا کیا ،سعودی ولی عہد سے ملاقات ،دوطرفہ تعاون اور علاقائی عالمی پیشرفتوں پر تبادلہ خیال

منگل 28 اکتوبر 2014 08:00

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔28اکتوبر۔2014ء)افغانستان کے نئے صدر اشرف غنی نے اپنے پہلے غیر ملکی دورے پر سعودی عرب میں عمرہ ادا کیا اور تیل کی دولت سے مالا مال مملکت کے ولی عہد کے ساتھ ملاقات کی ، یہ بات مقامی میڈیا رپورٹ میں کہی گئی ۔غنی نے گزشتہ ماہ بدعنوانی کے الزامات کا شکار صدارتی انتخابات کے نتائج کے معاملے پر طویل سیاسی تنازعہ کے بعد حلف اٹھایا تھا۔

(جاری ہے)

سرکاری سعودی پریس ایجنسی نے تفصیلات بتائے بغیر کہا کہ ولی عہد سلمان بن عبدالعزیز کے ساتھ مذاکرات میں دونوں فریقین نے برادر ممالک کے درمیان تعاون کے پہلوؤں کا جائزہ لیا اور علاقائی عالمی پیشرفتوں پر تبادلہ خیال کیا ۔مقامی اخبارات نے اتوار کے روز مغربی سعودی عرب کے مسلمانوں کے مقدس شہر مدینہ میں غنی کی عمرہ ادا کرتے ہوئے اور دعا مانگتے ہوئے تصاویر شائع کی تھیں ۔غنی کے دفتر نے گزشتہ منگل کو اعلان کیا تھا کہ صدر رواں ہفتے تین روزہ دورے کے لئے چین بھی جائینگے ۔

متعلقہ عنوان :