حکومت بلدیاتی انتخابات کیلئے تیار ہے ،ہوم ورک مکمل کیا جاچکا ہے ،عنایت اللہ خان،الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے ،سابقہ دور حکومت میں وزیر اعلیٰ کے صوابدیدی فنڈز سے سولہ ارب روپے خرچ ہونے کا انکشاف ہوا ہے ،صوبائی وزیر بلدیات

منگل 28 اکتوبر 2014 07:42

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔28اکتوبر۔2014ء) حکومت بلدیاتی انتخابات کیلئے تیار ہے جس کیلئے ہوم ورک مکمل کیا جاچکا ہے تاہم اب الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے جبکہ ایوان میں سابقہ دور حکومت میں وزیر اعلیْ کے صوابدیدی فنڈز سے سولہ ارب روپے خرچ ہونے کا انکشاف ہوا ہے جس میں پونے آٹھ ارب روپے مردان میں خرچ کئے گئے۔ اسمبلی نے سرحدوں پر بھارتی گولہ باری کی بھی شدید مذمت کی ہے ۔

خیبرپختونخواسمبلی کا اجلاس پیر روز شروع ہوا تو وزیر بلدیات عنایت اللہ خان نے سوالات کا جوابات دیتے ہوئے کہاکہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے حکومت نے اپوزیشن کی تجاویز لیکر بعض ضروری ترامیم کی اور انتخابات کیلئے ہوم ورک مکمل کرلیاہے ۔اب انتخابات کا انعقاد حکومت کاکام نہیں بلکہ الیکشن کمیشن کا کام ہے کہ وہ بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کریں۔

(جاری ہے)

حکومت نے بلدیاتی انتخابات کیلئے بعض ترامیم عوامی مفا د میں کیے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت بلدیاتی انتخابات کیلئے تیار ہے تاہم اب باقی کام الیکشن کمیشن کا ہے کہ وہ کس وقت انتخابات کراتی ہیں ۔ قبل ازیں خیبرپختونخواسمبلی میں جمعیت علماء اسلام (ف) کے رکن اسمبلی مفتی جانان کی جانب سے سابق پانچ سالہ دور حکومت میں استعمال کیے گئے فنڈز کے حوالے سے بتایاگیا کہ گزشتہ پانچ سالوں کے دوران سابق وزیراعلیٰ کے صوابدیدی فنڈسے سولہ ارب روپے استعمال کیے گئے جس میں پونے آٹھ ارب روپے ضلع مردان کے ترقیاتی کام پر خرچ کیے گئے ۔

اسمبلی اجلاس میں اپوزیشن ارکان کی جانب سے بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن کی خلاف ورزی اور بلا اشتعال فائرنگ کی بھی شدید مذمت کی گئی اور حکومتی اراکین نے بھی فائرنگ کی مذمت کی اسمبلی اجلاس میں اے این پی کے رکن اسمبلی جعفر شاہ کی جانب مٹلتان کالام ہائیڈرو پراجیکٹ منصوبے کو جلد شروع کرنے کی قرارداد پیش کی گئی جو منظور کرلی گئی۔