امریکہ: کروڑوں گاہکوں کی معلومات چوری ہونے کا انکشاف،امریکی اور کینیڈین گاہک ایسی ای میلز پر نظر رکھیں جس میں ان سے ان کی ذاتی نوعیت کی حساس معلومات دریافت کی جا رہی ہوں،کمپنی

ہفتہ 8 نومبر 2014 08:59

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔8نومبر۔2014ء)امریکہ میں قائم ایک بڑے اسٹور " دی ہوم ڈپو" کا کہنا ہے کہ رواں سال کے اوائل میں ہیکرز سے اس کے پانچ کروڑ سے زائد گاہکوں کے ای میلز ایڈریس اور بہت سے گاہکوں کے ادائیگی کارڈ کی معلومات چوری کیں۔

(جاری ہے)

امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق اسٹور کی طرف سے فراہم کی گئی اس نئی معلومات سے پہلے یہ کمپنی ستمبر میں کہہ چکی تھی کہ ہیکرز نے اس کے پانچ کروڑ ساٹھ لاکھ لوگوں کے ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈ تک رسائی قائم کی۔

ہوم ڈپو کے مطابق یہ کارروائی اپریل اور ستمبر کے درمیان ہوئی۔ ہیکرز نے ایک ایسا انٹرنیٹ اکاوٴنٹ استعمال کیا جو کہ کمپنی کے نیٹ ورک کو استعمال کرنے والے ایک کنٹریکٹر سے منسلک تھا۔کمپنی نے اپنے امریکی اور کینیڈین گاہکوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ ایسی ای میلز پر نظر رکھیں جس میں ان سے ان کی ذاتی نوعیت کی حساس معلومات دریافت کی جا رہی ہوں۔