بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر پر جھاڑو لگانے سے پہلے پروگرام کی جگہ پر ’کوڑا پھیلائے جانے‘ کے الزامات،تصویر سامنے آتے ہی اپوزیشن جماعتوں کی ستیش اپادھیائے پر تنقید

ہفتہ 8 نومبر 2014 08:59

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔8نومبر۔2014ء)بھارتیہ جنتا پارٹی کے دہلی ریاست کے صدر کے جھاڑو لگانے سے پہلے پروگرام کی جگہ پر ’کوڑا پھیلائے جانے‘ کے الزامات پر کافی بحث ہوئی ہے۔برطانوی نشریاتی ادار ے کے مطابق دن بھر میڈیا میں کچھ تصاویر دکھائی جاتی رہیں جن میں دہلی میں اسلامی کلچرل سینٹر کے باہر ایک شخص کوڑا ڈال رہا تھا۔ ساتھ میں دکھائی جا رہی دوسری تصویر میں اسی کوڑے کو بعد میں بی جے پی ریاستی صدر ستیش اپادھیائے جھاڑو سے صاف کر رہے تھے۔

ستیش اپادھیائے کے ساتھ عام آدمی پارٹی کی سابق رہنما شاذیہ علمی اور اسلامی کلچرل سینٹر کے صدر سراج الدین قریشی بھی جھاڑو لگاتے نظر آ رہے تھے۔صفائی کی یہ تصویر اسلامی کلچرل سینٹر نے بدھ کو ٹویٹ کی تھیں۔

(جاری ہے)

تصویر سامنے آتے ہی اپوزیشن جماعتوں نے ستیش اپادھیائے کو تنقید کا نشانہ بنایا اور اسے وزیر اعظم نریندر مودی کے حفظان صحت مہم کے تئیں سنجیدہ نہیں ہونے کے طور پر بھی پیش کیا گیا۔

اس معاملے میں جب بی بی سی نے ستیش اپادھیائے سے بات کی تو انھوں نے کہا کہ وہ اسلامی سینٹر کا پروگرام تھا اس لیے اس میں پہلے کیا ہوا یہ انہیں معلوم نہیں۔’اسلامک سینٹر میں ایک پروگرام تھا جس میں 200 سے 250 لوگ تھے۔ سابق جج وہاں موجود تھے اور بھی بہت سے لوگ تھے۔ اس کے پیچھے سازش ہے یا کسی طرح کی انسانی بھول ہے، میں اس میں نہیں جانا چاہتا۔

معاشرے میں تمام طرح کی ذہنیت کے لوگ ہیں۔ اس میں کیا ہوا ہے، مجھے معلوم نہیں ہے۔وہیں شاذیہ علمی نے ٹویٹ کیا ’انڈیا اسلامک سینٹر نے کئی اور لوگوں کے ساتھ مجھے بھی کل صفائی مہم کے لیے مدعو کیا تھا۔ میں اس پروگرام میں بطور مہمان شامل ہوئی تھی۔یاد رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے اسی سال دو اکتوبر کو صاف بھارت مہم کا آغاز کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :