ملک بھر میں بارشوں کا سلسلہ شروع ، پہاڑوں پر برفباری ، سردی کی شدت میں اضافہ،لاہور میں درجہ حرارت 16 سینٹی گریڈ ہوگیا ، ملک کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان

ہفتہ 8 نومبر 2014 08:44

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔8نومبر۔2014ء)ملک بھر میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ، پہاڑوں پر برفباری ، سردی کی شدت میں اضافہ ہونے لگا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سردی کی آمد تیز ہو گئی ، رات گئے سے ہونے والی ہلکی بارش سے موسم مزید سرد ہونے لگا ، پہاڑوں پر برفباری بھی ہوگی۔ خیبر پختونخواہ اور بالائی پنجاب کے علاقوں میں لاہور سمیت ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے لاہور میں درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا اور ہوا میں نمی کا تناسب 80 فیصد تک پہنچ گیا۔

(جاری ہے)

سہہ پہر تک بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان موجود ہے تاہم سہہ پہر کو 25 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ سکتا ہے ، سب سے کم درجہ حرارت سکردو اور قلات میں ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ملتان میں موسم سرد ہوگیا، آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کم سے کم درجہ حرارت اٹھارہ سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ اٹھائیس اعشاریہ پانچ سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے ، موسم خشک اور سرد رہے گا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب نوے فیصد ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ بارہ سے چوبیس گھنٹوں کے دوران کہیں کہیں گرج چمک کیساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گا۔

متعلقہ عنوان :