نائجیریاکے سکو ل میں خودکش بم دھماکہ، 47 طالب علم ہلاک،خودکش بمبارسکول یونیفارم میں ملبوس تھا جس نے طلبا کی اسمبلی کے دوران اپنے جسم سے بندھے بارودی مواد کو اڑادیا، مرنے والوں میں اکثریت کی عمریں 11 سے 20 سال کے درمیان ہیں،ہسپتال عملہ

منگل 11 نومبر 2014 08:49

ابوجا(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11نومبر۔2014ء)نائیجیریا کے شمال مشرقی شہر پوٹسکم میں پیر کو ایک سکول میں ہونے والے ایک خودکش بم دھماکے میں کم ازکم 47 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جن میں اکثریت طلبا کی بتائی جاتی ہے۔ریاست یوب کے مرکزی شہر میں مقامی حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ خودکش بمبار اسکول یونیفارم میں ملبوس تھا جس نے اس وقت اپنے جسم سے بندھے بارودی مواد میں دھماکا کیا جب گورنمنٹ کمپری ہنسو سینئر سائنس سیکنڈری اسکول میں طلبا اسمبلی کے لیے موجود تھے۔

فوجی اہلکار جائے وقوع پر پہنچے لیکن وہاں موجود مقامی لوگوں نے ان پر پتھراوٴ کیا۔ یہ لوگ پانچ سال سے جاری ہلاکت خیز شدت پسندی سے نمٹنے میں فوج سے نالاں تھے۔عینی شاہدین کے مطابق گورنمنٹ ٹیکنیکل سائنس سیکنڈری اسکول میں دھماکے کے وقت لگ بھگ دو ہزار طلبا موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس دھماکے میں درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے جن میں سے اکثر کی حالت تشویشناک ہونے کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

ہسپتال میں موجود طبی عملے کے مطابق مرنے والوں میں اکثریت کی عمریں 11 سے 20 سال کے درمیان معلوم ہوتی ہیں۔نائیجیریا میں بوکو حرام نامی شدت پسند گروپ ہلاکت خیز حملے کرتا آرہا ہے لیکن اس تازہ واقعے کی ذمہ داری کسی فرد یا گروہ نے قبول نہیں کی تاہم اس حملہ کا شبہ بھی بوکو حرام تنظیم پر کیا جا رہا ہے جو پہلے ہی حکومت سے مذاکرات کو مسترد کر چکی ہے۔