شام: پانچ جوہری سائنسدان دوران سفر قتل،واقعہ برازیخ کے نزدیک پیش آیاجس میں جوہری توانائی کے شعبے کے 5 انجینئروں کو ہدف بنایا گیا

منگل 11 نومبر 2014 08:53

دمشق(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11نومبر۔2014ء)شام میں انسانی حقوق کے حوالے سے سرگرم کارکنوں کے ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ نامعلوم مسلح افراد نے پانچ جوہری انجنئیروں کو قتل کر دیا ہے۔شام میں انسانی حقوق کی مانیٹرنگ کے لیے قائم آبزرویٹری کے ڈائریکٹر رامی عبدالرحمان نے یہ بات ایک عالمی خبر رساں ادارے کو بتائی ہے۔ ان جوہری توانائی کے شعبے کے 5 انجنئیروں کو اس وقت ہدف بنایا گیا جب یہ شام کے دارالحکومت دمشق کے شمال میں ایک بس پر سفر کر رہے تھے۔

بتایا گیا ہے کہ پانچوں انجنئیر برازیخ کے نزدیک ایک سائنسی تحقیق کے مرکز سے منسلک تھے۔ابتدائی طور پر آبزرویٹری نے یہ نہیں بتایا کہ ان ہلاک کیے گئے پانچ جوہری سائنسدانوں کا کس ملک سے تعلق ہے۔ رامی عبدالرحمان کے مطابق ابھی یہ بھی واضح نہیں ہو سکا کہ جس بس پر یہ جوہری سائنسدان سفر کر رہے تھے، اس بس کو بم سے اڑایا گیا ہے یا اس بس کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے یہ آبزرویٹری لندن میں قائم ہے اور شام کے حالات پر گہری نظر رکھتی ہے۔ اس آبزر ویٹری کے وابستہ کارکن اور رپوٹرر پورے شام میں پھیلے ہوئے ہیں۔پچھلے سال ماہ جولائی میں بھی اسی مرکز میں کام کرنے والے چھ افراد کو ایک مارٹر حملے میں ہلاک کر دیا گیا تھا۔ مئی 2013 میں دمشق کے نزدیک سائنسی تحقیق کے ایک مرکز پر اسرائیل نے بھی حملہ کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :