کوئٹہ، فرنٹیئرکوربلوچستان اور حساس اداروں کا تربت میں سرچ آپریشن،سرچ آپریشن میں کالعدم تنظیم بی ایل ایف کے 13دہشت گردہلاک اور متعدد زخمی

منگل 14 اپریل 2015 04:10

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔14 اپریل۔2015ء) فرنٹےئرکوربلوچستان اور حساس اداروں کا تربت کے علاقے گہبن میں سرچ آپریشن،سرچ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم بی ایل ایف کے 13دہشت گردہلاک اور متعددزخمی،کارروائی میں بی ایل ایف کا انتہائی مطلوب کمانڈرحیات ہلاک، جبکہ کمانڈر ظریف موقع پرگرفتار،دہشت گردوں کے ٹھکانے سے بھاری تعدادمیں خودکار ہتھیاراورراکٹ لانچرزبرآمدفرنٹیئر کور بلوچستان کے ترجمان کے جاری کردہ بیان کے مطابق فرنٹےئرکوربلوچستان اورحساس اداروں نے تربت کے علاقے گہبن میں مشترکہ سرچ آپریشن کرتے ہوئے کالعدم تنظیم بلوچستان لبریشن فرنٹ سے تعلق رکھنے والے 13دہشت گردوں کو ہلاک اور متعددکو زخمی کردیا۔

کا رروائی کے دوران بی ایل ایف کاانتہائی مطلوب کمانڈرحیات ہلاک ،جبکہ کمانڈرظریف کوموقع پر گرفتار کرلیاگیا۔

(جاری ہے)

سرچ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے سے بھاری مقدارمیں خود کارہتھیار اورراکٹ لانچرزبھی برآمد کرلیئے گئے ہیں واضح رہے کہ گزشتہ روز تربت کے علاقے گوگدان میں بی ایل ایف کے دہشت گردوں نے مزدوروں کے کیمپ پر حملہ کر کے 20 بے گناہ مزدوروں کو بے دردی سے قتل کرکے فرار ہوئے تھے۔

جس کے بعدفرنٹیئرکوربلوچستان اورحساس اداروں نے دہشت گردوں کا تعاقب کیلئے تربت اور اس سے ملحقہ علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کیا سرچ آپریشن کے دوران آج علی الصبح ایف سی نے مصدقہ اطلاع پرکارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو گھیرے میں لیتے ہوئے انہیں سرینڈر کرنے کی پیش کش کی لیکن دہشت گردوں نے ہتھیار ڈالنے کی بجائے ایف سی اہلکاروں پر فائرنگ شروع کردی۔

دونوں جانب شدید فائرنگ کے تبادلے میں سانحہ تربت میں ملوث بی ایل ایف کے 13دہشت گرد کمانڈرحیات سمیت نارے گئے اور متعددزخمی ہوئے۔ایف سی نے علاقے کو گھیرے میں لے کرفرار زخمی ہونے والے شرپسندوں کی تلاش شروع کردی۔ہلاک ہونے والے کالعدم تنظیم کے شرپسند نہ صرف سانحہ تربت میں ملوث تھے بلکہ تربت اور اس سے ملحقہ علاقوں میں عام شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ،بھتہ خوری،سیکورٹی فورسز پر حملے اور قومی تنصیبات کو نقصان پہنچانے میں بھی مطلوب تھے آئی جی ایف سی میجرجنرل شیر افگن نے تربت کا ہنگامی دورہ کرتے ہوئے سانحہ تربت کے پیش آنے کی جگہ اور سرچ ٓآپریشن کے علاقے کا مشاہدہ کیا۔

انہوں نے تربت میں وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں بھی شرکت کی۔میجرجنرل شیرافگن نے ایف سی اورحساس اداروں کی کامیاب کارروائی کوسراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کیخلاف جنگ جیتنے کیلئے عوام اورسول انتظامیہ فرنٹیئرکوربلوچستان کے ساتھ تعاون کریں تاکہ دہشت گردوں کیخلاف آپریشن کادائرہ وسیع کرکے ان کی بیخ کنی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جاسکیں۔

مقامی لوگوں اورلیویز فورس میں دہشت گردوں کے چھپے ہمدردوں اور سہولت کاروں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹاجائے گاانہوں نے مزیدکہا کہ دہشت گری کی عفریت کو شکست دینے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان باہمی تعاون کی ضرورت ہے اور بے گناہ اور معصوم لوگوں کے خون کے ہر قطرے کا حساب لیاجائے گا۔