متحدہ عرب امارات کے ولی عہد کی امریکی صدر سے ملاقات،باہمی تعلقات سمیت علاقائی عالمی مسائل پر تبادلہ خیال

بدھ 22 اپریل 2015 04:35

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22 اپریل۔2015ء)متحدہ عرب امارات کے ولی عہد الشیخ محمد بن زاید آل نھیان نے اعلیٰ اختیاراتی وفد کے ہمراہ امریکی دورے کے دوران وائٹ ہاؤس میں صدر باراک اوباما سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات سمیت علاقائی اور عالمی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔امریکی میڈیا کے مطابق اماراتی ولی عہد الشیخ محمد بن زاید آل نھیان نے سوموار کو وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر باراک اوباما سے ملاقات کی۔

ملاقات میں نائب امریکی صدر جو بائیڈن بھی موجود تھے۔امریکی صدر نے متحدہ عرب امارات کے وفد کے دورے کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ ان کے اس دورے سے دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کے ساتھ مشرق وسطیٰ میں جاری تنازعات کے حل میں بھی مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

دونوں رہ نماؤں کے درمیان ہونے والی بات چیت میں مشترکہ تزویراتی مفادات کے تحفظ کے لیے امریکا اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوستی کو مزید مضبوط اور مستحکم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔

اس موقع پر اماراتی ولی عہد کا کہنا تھا کہ الشیخ خلیفہ بن زاید آل نھیان کی قیادت میں متحدہ عرب امارات امریکا کے ساتھ تعلقات اورتمام شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔ صدر اوباما نے متحدہ عرب امارات کے سربراہ کے حوالے سے اپنی نیک تمناؤں کا اظہارکیا اور ان کے لیے جذبہ خیر سگالی کا پیغام بھیجا۔ ملاقات میں نیشنل سیکیورٹی کے ایڈوائز الشخ طحنون بن زاید آل نھیان اور امریکی وزیرخارجہ جان کیری بھی موجود تھے۔