بھارت میں پنچایت نے شوہر کے جرم کی انوکھی سزا بیوی کو دیدی،خاتون نے پنچایت کے فیصلے کی شکایت پولیس اسٹیشن میں کردی

بدھ 22 اپریل 2015 04:34

نئی دلی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22 اپریل۔2015ء) بھارت یوں تو دنیا کی بڑی جمہوریت اور روشن خیالی کا دعویٰ کرتا نہیں تھکتا لیکن اس کی سرزمین پر عورت کی جس طرح تذلیل ہوتی ہے اس کی مثال بہت کم معاشروں میں ہی ملتی ہے اور اب ایسی ہی ایک مثال اور سامنے آئی ہے جہاں ریاست راجستھان میں پڑوسی کی بیوی کو بھگا کر تو شوہر لے گیا لیکن پنچایت نے اس کی بیوی کو انوکھے سزا سناتے ہوئے پڑوسی کے ساتھ رہنے کا حکم دے دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق راجستھان کے ضلع بندی کے گاوٴں کی پنچایت کے پاس راجیندرا میگوال نامی شخص شکایت دراج کرائی کہ اس کی بیوی اپنے 2 بچوں کے ساتھ پڑوسی کالو لال میگوال کے ساتھ بھاگ گئی ہے جس پر پنچایت نے کاررورائی کرتے ہوئے حکم جاری کیا کہ کالو لال کی بیوی راجیندرا کو 3 لاکھ روپے جرمانے کے طور پر ادا کرے یا پھر اس کے ساتھ اس کے گھر میں رہے۔

(جاری ہے)

بھارتی پولیس کے مطابق کالو لال کی بیوی فیصلے کے وقت پنچایت میں موجود نہیں تھی تاہم خاتون کی جانب سے پنچایت کے فیصلے کی تھانے میں شکایت دراج کرائی گئی ہے جس پر واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔ واضح رہے کہ بھارت کی ریاست راجستھان میں عام طور پر جھگڑوں کے فیصلے پنچائت کرتی ہے جس کے ممبر کوئی منتخب نہیں کرتا بلکہ یہ گاوٴں کے چند اہم اور بزرگ افراد پر مشتمل ہوتی ہے اگرچہ اس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہوتی تاہم پنچائت کے کم و بیش تمام ہی فیصلے گاوٴں کے لوگوں کو ماننا پڑتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :