پی سی بی جلد تمام ریجنز کی اسپانسر شپ کا اعلان کرے گا: شہریار خان،کرکٹ ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لیئے ایسوسی ایشنز مدد کریں، آئندہ آٹھ سال میں قومی ٹیم اگر بھارت اور آسٹریلیاسے طے شدہ سیریز کھیلی تو ایسوسی ایشنز کو سپونسرز کے علاوہ بورڈ بھی رقم دے گا، میڈیا سے گفتگو

بدھ 22 اپریل 2015 04:17

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22 اپریل۔2015ء)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان کا کہنا ہے کہ کرکٹ ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لیئے ایسوسی ایشنز مدد کریں۔ کھلاڑیوں کے انتخاب میں میرٹ نظر انداز ہوتا ہے لیکن اب ایسا نہیں چلے گا۔ تین سال کے بعد لاہور میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی جنرل کونسل کا اجلاس ہوا جس میں ممبران نے شرکت کی ان میں ریجنز' ایسوسی ایشن اور ڈیپارٹمنٹ کے نمائندگان شامل تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں شرکاء نے چیئرمین پی سی بی کو مسائل سے آگاہ کیا لیکن شہریار خان نے نچلی سطح پر کھلاڑیوں کے انتخاب میں نا انصافی کا گلہ کیا۔ پی سی بی چیئرمین نے واضح کیا کہ آئندہآٹھ سال میں قومی ٹیم اگر بھارت اور آسٹریلیاسے طے شدہ سیریز کھیلی تو ایسوسی ایشنز کو سپونسرز کے علاوہ بورڈ بھی رقم دے گا۔ شہریار خان نے کہا کہ اگر ریجنز کے پاس وسیم اکرم اور وقار یونس جیسا ٹیلنٹ ہے تو ایسے کھلاڑیوں کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں تربیت دی جا سکتی ہے لیکن زیادہ تعداد میں کھلاڑیوں کو اکیڈمی میں ٹریینگ دینا آسان نہیں۔