بارشوں سے جاں بحق افراد کے لواحقین میں اب تک 87 لاکھ روپے کی مالی امداد تقسیم کی جا چکی ہے، پرویز خٹک ،متاثرین کی خبر گیری اور امددی رقوم کی تقسیم کیلئے پشاور کا دورہ کرنے پرو زیراعظم کا شکریہ

ہفتہ 2 مئی 2015 08:01

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2 مئی۔2015ء)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے حالیہ طوفانی بارش کے متاثرین کی خبر گیری اور ان میں امددی رقوم کی تقسیم کیلئے پشاور کا دورہ کرنے پرو زیراعظم محمد نواز شریف کا شکریہ ادا کیا ہے اُنہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اپنی تقریر میں اس حقیقت کا برملا اعتراف کیا کہ خیبرپختونخوا حکومت گزشتہ اتوار کو طوفانی بارش سے ہونے والی تباہی میں متاثرین کی مدد کیلئے فوری طور پر حرکت میں آئی اور صوبائی حکومت کے امدادی اور طبی اداروں نے زخمیوں سمیت تمام متاثرین کی مدد کیلئے بھر پور امدادی کاروائیاں شروع کیں اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے گورنر ہاؤس پشاور میں اپنی تقریر کے دوران زخمیوں کے علاج معالجے اور دیگر بروقت اقدمات کیلئے خیبرپختونخوا حکومت اور اس کے امدادی اداروں کو خراج تحسین پیش کیا ہے جس سے صوبائی حکومت پر امدادی کاموں میں تاخیر کا الزام عائد کرنے والے عناصر کی قلعی کھل گئی ہے پرویز خٹک نے کہا کہ اس حوالے سے خیبرپختونخوا حکومت کو ہدف تنقید بنانے والے اُن عناصر کی اصلیت سامنے آگئی ہے جنہوں نے ایک قدرتی آفت کے کربناک لمحات کو بھی اپنی سیاست چمکانے اور اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کا ذریعہ بنانے سے ذرہ بھر بھی گریز نہیں کیا وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم نے متاثرین کی امداد اور بارش سے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے ساتھ ہمدردی کے حوالے سے خیبرپختونخوا حکومت کی جس فراخدلانہ انداز میں تعریف کی ہے اس پر ہم وزیر اعظم نوازشریف کے مشکور ہیں اُنہوں نے کہا کہ ہم نے اگرچہ امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے ان مخصوص عناصر کی تنقید کی پرواہ نہیں کی لیکن آزمائش کی اس گھڑی میں ہمیں اس طرح کی بے بنیاد تنقید پر افسوس ضرورہوا ہے تاہم اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے خیبرپختونخوا حکومت کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرکے مذموم عزائم رکھنے والے عناصر کی تنقید کی نفی کردی ہے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے بتایا کہ تقریب میں وزیر اعظم کو طوفانی بارش سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات اورخیبرپختونخوا حکومت کی امدادی سرگرمیوں کے اعداد و شمار سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا ہے اُنہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے بارش سے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین میں اب تک 87 لاکھ روپے کی مالی امداد تقسیم کی جا چکی ہے اُنہوں نے کہا کہ بارش سے منہدم ہونے والے مکانات اور دیگر نقصانات کا سروے جاری ہے اوراب تک 8827 تباہ شدہ املاک کی نشاندہی کی گئی ہے اُنہوں نے کہا کہ جونہی سروے کاکام مکمل ہو گا خیبرپختونخوا حکومت متاثرین کو ان کی تباہ شدہ املاک کے معاوضے کی ادائیگی میں حسب سابق ایک منٹ کی تاخیر بھی نہیں کرے گی۔

متعلقہ عنوان :