اقلیتی شیعوں کی ہلاکت میں ملوث افراد کو انصاف کا سامنا کرنے پڑے گا،شاہ سلمان کا اعادہ ،خودکش حملے سے تعلق میں 26مشتبہ افراد گرفتار کئے جاچکے ہیں،سعودی وزارت داخلہ

پیر 25 مئی 2015 06:35

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25 مئی۔2015ء)سعودی عرب کے شاہ سلمان نے اتوار کے روز اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ 21 اقلیتی شیعوں کو ہلاک کرنے میں جو کوئی بھی ملوث ہوگا اسے اس سفاکانہ جرم کیلئے انصاف کا سامنا کرنا پڑے گا۔سلمان نے اس بات کا اعادہ ولی عہد محمد بن نائف جو کہ وزیرداخلہ بھی ہیں،کے نام ایک ٹیلی گرام میں کیا۔

(جاری ہے)

سرکاری سعودی پریس ایجنسی کی جانب سے جاری کئے گئے پیغام میں شاہ کا کہنا تھا کہ جس کسی نے بھی سفاکانہ جرم کی منصوبہ بندی،حمایت،تعاون یا ہمدردی میں حصہ لیا ہو اسے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور قانونی احتساب کا سامنا کرنا پڑے گا اور اسے اپنے کئے کی سزا بھگتنا پڑے گی۔

جمعہ کے روز شیعہ اکثریتی مشرقی صوبہ کے ضلع کاتف میں ایک مسجد کے اندر خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا تھا،جس میں 100سے زائد افراد زخمی بھی ہوگئے تھے۔شاہ کا کہنا تھا کہ ہمیں اس دہشتگرد کارروائی کی شدت سے دکھ پہنچا ہے جو کہ اسلام اور انسانیت کے اقدار کے خلاف ہے اور جس میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ خودکش بمبار کا تعلق ایک گروہ سے ہے جس کے 26ارکان گرفتار کئے جاچکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :