ممتاز امریکی ریاضی دان جان نیش کار حادثے میں ہلاک

پیر 25 مئی 2015 06:37

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25 مئی۔2015ء)مشہور امریکی ریاضی دان جان نیش کار حادثے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔ ان کی زندگی کے بارے بنائی گئی فلم ’بیوٹی فل مائنڈ‘یعنی ایک خوبصورت دماغ کو آسکر ایوارڈ بھی ملا تھا۔برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق نیو جرسی میں جان نیش کی ٹیکسی کو پیش آنے والے اس حادثے میں ان کی اہلیہ ایلیسا بھی ہلاک ہو گئی ہیں۔

واضع رہے کہ جان نیش’گیم تھیوری‘ پر اپنے کام کی وجہ سے مشہور ہیں جس کے لیے ان کو 1994 میں معاشیات کا نوبیل انعام ملا تھا۔گیم تھیوری میں مخالفت یا تعاون جیسی صورتِ حال پیدا کرنے کے لیے ’کھیل‘ وضع کیے جاتے ہیں۔ اس سے سائنس دانوں کو پیچیدہ فیصلہ سازی کی حکمتِ عملی کا مطالعہ کرنے اور یہ جاننے کا موقع ملتا ہے لوگوں میں بعض خصوصیات کیوں پیدا ہوتی ہیں۔

(جاری ہے)

ان کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم’ بیوٹی فل مائنڈ‘ یعنی ایک خوبصورت دماغ میں ریاضی کے شعبے میں ان کی کامیابیوں کے علاوہ ذہنی بیماری سے ان کی جہدوجہد کے بارے میں بھی بتایا گیا ہے۔اس فلم میں ان کا کردار ادا کرنے والے اداکار رسل کرو نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک پیغام میں ان کی موت کو ایک دھچکہ قرار دیتے ہوے کہا ہے کہ ’میری ہمدردیاں جان ، ایلیسا اور ان کے خاندان کے ساتھ ہیں، وہ خوبصورت دل و دماغ والا ایک بہترین جوڑا تھے۔

‘ایلیسا اپنے شوہر کی دماغی بیماری کے دوران ان کی دیکھ بھال کرتی رہی ہیں اور وہ دونوں بعد میں عام لوگوں میں دماغی بیماریوں سے متعلق آگاہی کے لیے کام کرنے کی وجہ سے بھی مشہور ہوئے۔اطلات کے مطابق خیال کیا جا رہا ہے کہ جب حادثہ پیش آیا اس وقت جان اور ایلیسا نے سیٹ بیلٹ نہیں پہنی ہوئی تھی اور شاید یہ ہی ان کی ہلاکت کی وجہ بنی۔یاد رہے کہ اس ہفتے کے اوائل میں جان نیش کو ریاضیات کے میدان میں ایک اور اعلیٰ اعزاز ’ہابیل‘ بھی دیا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :