نواز لیگ اور پیپلزپارٹی نے باری باری قوم کو دھوکہ دیا متحدہ ان کی بی ٹیم ہے،عمران خان،2015انتخابات کا سال ہے کارکن اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھتے ہوئے الیکشن کی تیاری کریں۔ وفد سے گفتگو

پیر 25 مئی 2015 06:25

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25 مئی۔2015ء)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ماضی میں نواز لیگ اور پیپلزپارٹی نے باری باری قوم کو دھوکہ دیا ایم کیو ایم ان دونوں جماعتوں کی بی ٹیم ہے جو اپنی سیاہ کاریوں کی پردہ پوشی کیلئے اقتدار میں رہنا ضروری سمجھتی ہے۔ پی ٹی آئی سیاست کی تطہیر اور انتخابی عمل کو شفاف بنانے کیلئے اپنی جراتمندانہ جدوجہد جاری رکھے گی۔

پاکستان میں اس وقت جمہوریت کے نام پر آمریت مسلط ہے عوام کے حقوق غصب ہو رہے ہیں ‘ غربت مہنگائی ‘ بیروزگاری اور لاقانونیت عروج پر ہے۔ ان حالات میں پی ٹی آئی عوام کی امنگوں کی ترجمانی کر رہی ہے 2015انتخابات کا سال ہے کارکن اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھتے ہوئے الیکشن کی تیاری کریں۔

(جاری ہے)

انشاء الله انتخابی دھاندلیوں سے اقتدار میں آنے والے سیاسی وڈیروں کا بستر گول ہو جائے۔

ان خیالات کا اطہار انہوں نے تحریک انصاف فیصل آباد کے مقامی رہنما شیخ شاہد جاوید کی قیادت میں کارکنوں کے وفد سے گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔ ملاقات کے دوران ملکی سیاسی صورتحال کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا ۔اس موقع پر شیخ شاہد جاوید نے فیصل آباد میں تحریک انصاف کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کے بارے میں آگاہ کیا اور چیئرمین عمران خاں کوبتایا کہ تحریک انصاف کا پیغام گھر گھر پہنچانے کے لئے بھر پور کوششیں جاری ہیں ۔

صنعتکار ‘ تاجر ‘طلبا‘ مزدور‘غریب عوام اور سرکاری ملازمین سمیت ہر شعبہ ہائے زندگی تعلق رکھنے والا انسان احتجاجی کیفیت میں ہے ۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران نے مزید کہا کہ وہ دن دور نہیں جب تحریک انصاف عوام کو کرپٹ اور ظالم حکمرانوں سے نجات دلائی گی ۔عوامی مینڈیٹ چرا کر ملک و قوم پر مسلط ہونیوالے کرپٹ اور نااہل حکمرانوں سے نجات حاصل کئے بغیر قوم کی ترقی و خوشحالی کا خواب پورا نہیں ہو سکتا۔ بحرانوں میں گھری ہوئی مفلوک الحال پاکستانی قوم کی اُمیدوں کا واحد مرکز تحریک انصاف ہے جو سیاست سے کرپشن کا خاتمہ کا عزم لیکر میدان میں آئی ہے ۔ انشاء الله ملک کی تقدیر بدل دیں گے۔