دہشت گردی مسلم دنیا کو تقسیم کررہی ہے: سعودی وزیرخارجہ،ہم انتہا پسندی اور تشدد کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پْرعزم ہیں،اوآئی سی وزراء خارجہ کے افتتاحی اجلاس سے خطاب ، گذشتہ چار سال سے جاری اس جنگ سے پیدا ہونے والے مسائل کو سفارتی ذرائع سے ہی حل کیا جاسکتا ، امیر کویت

جمعرات 28 مئی 2015 06:17

کویت(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28 مئی۔2015ء)سعودی عرب کے وزیرخارجہ عادل الجبیر نے کہا ہے کہ دہشت گردی کی کارروائیاں اور اسلامی انتہا پسندی پر عمل مسلم دنیا کو تقسیم کرنے کا موجب بن رہے ہیں۔انھوں نے یہ بات بدھ کو کویت شہر میں اسلامی تعاون تنظیم (اوآئی سی) کے وزرائے خارجہ کے افتتاحی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہی ہے۔انھوں نے کہا کہ ''ہم انتہا پسندی اور تشدد کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پْرعزم ہیں''۔

انھوں نے کہا کہ ''دہشت گردی ،انتہا پسندی اور فرقہ واریت کا مقصد مسلم دنیا کو تقسیم کرنا ہے''۔انھوں نے یمن میں جاری بحران کا حوالہ دیا جو ان کے بہ قول ''عالمی سطح پر مسلم کمیونٹی کے مصائب کا عکاس ہے''۔یمن میں سعودی عرب کی قیادت میں اتحاد 26 مارچ سے ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں کے خلاف فضائی حملے کررہا ہے اور یہ فضائی مہم یمنی صدر عبد ربہ منصور ہادی کی اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور عرب لیگ کے نام مداخلت کی اپیل کے ردعمل میں شروع کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

کویتی امیر شیخ صباح الاحمد الجابر الاحمد الصباح نے اپنے افتتاحی کلمات میں کہا کہ عرب اتحاد نے یمنی صدر کی درخواست پر قانون کی عمل داری کی بحالی کے لیے فضائی مہم شروع کی تھی۔انھوں نے شام میں جاری بحران کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ چار سال سے جاری اس جنگ سے پیدا ہونے والے مسائل کو سفارتی ذرائع سے ہی حل کیا جاسکتا ہے جبکہ انسانی بحران بڑھتا ہی چلا جارہا ہے۔

او آئی سی کے اس بیالیسویں اجلاس میں پچاس سے زیادہ مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ شریک ہیں۔یہ جمعرات کو بھی جاری رہے گا اور اس کا مقصد دہشت گردی ،متشدد انتہا پسندی اور منافرت انگیز تقاریر پر قابو پانے کے لیے حکمت عملی وضع کرنا ہے۔اس کا عنوان :''رواداری کے فروغ اور دہشت گردی کی مذمت کے لیے مشترکہ وڑن'' ہے۔آج پہلے روز تنظیم کے سیکریٹری جنرل ایاد امین مدنی نے بھی تقریر کی ہے۔

اس اجلاس میں انتہا پسندی سے نمٹنے کے لیے اسلامی دنیا میں سول معاشروں کے کردار، انتہا پسندانہ نظریے کی نفی کے لیے مسلم دنیا کے ممکنہ منفرد کردار ،اسلامو فوبیا کی بڑھتی ہوئی لہر سے نمٹنے کے لیے جوابی اقدامات اور سخت گیری اور کٹڑپن کا نشانہ بننے والے آبادی کے گروپوں خاص طور پر نوجوانوں کو با اختیار بنانے سے متعلق امور پر غور کیا جارہا ہے۔

متعلقہ عنوان :