فینکس کے اسلامک کمیونٹی سینٹر کے سامنے مظاہرہ پْرامن رہا، سینکڑوں مظاہرین کا مجمع بغیر کسی تشدد یا گرفتاری کے منتشر ہوگیا

اتوار 31 مئی 2015 09:06

ایریزونا(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔31 مئی۔2015ء)امریکی ریاست ایریزونا کے شہر فینکس کے ایک اسلامک کمیونٹی سینٹر کے قریبہونے والے ایک اسلام مخالف مظاہرے اور اس مظاہرے کی مخالفت میں وہاں جمع ہونے والے سینکڑوں مظاہرین کا مجمع بغیر کسی تشدد یا گرفتاری کے منتشر ہو گیا۔

(جاری ہے)

اس احتجاجی مظاہرے کے موقع پر حفاظتی انتظامات سخت تر کر دیے گئے تھے کیونکہ توقع کی جا رہی تھی کہ مظاہرین پیغمبرِ اسلام کے خاکے بھی بنائیں گے جو بہت سے مسلمانوں کے لیے توہین رسالت کے مترادف ہے۔

اس موقع پر 200 مسلمان، جن میں سے چند مسلح بھی تھے، جمع ہوئے تھے اور قریب اتنی ہی تعداد میں ان کے مخالف مظاہرین بھی وہاں موجود تھے، جنہوں نے ” گو ہوم نازیز“ کے نعرے بھی لگائے۔ ابھی چند ہفتے پہلے ہی ٹیکساس میں دو حملہ آوروں نے شہر دالاس میں پیغمبرِ اسلام کے متنازعہ خاکوں کی ایک نمائش کی جگہ پر فائرنگ کی تھی اور پولیس کی فائرنگ میں مارے گئے تھے۔