سب احتجاج کر رہے ہیں، وزیراعلیٰ کی پولیس بھی استعفے دے رہی ہے وہ کیوں نہیں دیتے: پرویزالٰہی ،شہبازشریف نے کوئی انتخابی وعدہ پورا نہیں کیا، خودکشیاں بانٹنے والے عوامی خدمت پر بھی مناظرہ کر لیں، ہمارے دور میں کسی کسان کی فصل کا نقصان نہیں ہوا ،ٹوپی ڈرامے دیکھنے کی بجائے عوامی فلاح کے حقیقی کاموں کیلئے سائیکل پر مہر لگائیں جو سب کا ساتھی ہے: این اے108 میں پرجوش اور بڑے ورکرز کنونشن سے خطاب

اتوار 31 مئی 2015 08:56

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔31 مئی۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ کسان، کلرک، ڈاکٹر، اساتذہ، وکیل ہر شعبہ زندگی کے لوگ سڑکوں پر احتجاج کر رہے ہیں مگر ن لیگ کو کوئی احساس نہیں، ڈسکہ، سیالکوٹ میں پولیس ہڑتال کر رہی ہے جبکہ یہ محکمہ تو چھٹی بھی نہیں کرتا، وزیراعلیٰ کی پولیس استعفے دے رہی ہے یہ خود کیوں نہیں استعفیٰ دیتے۔

انہوں نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن لاہور میں قتل عام کا کیس بھی اس وزیراعلیٰ پر ہے، صوبائی بجٹ سے پہلے یہ منی بجٹ لا رہے ہیں جس میں تیل کی قیمتیں بڑھائیں گے لیکن اس پر ہم اسمبلی کے اندر اور باہر بھرپور احتجاج کریں گے۔ انہوں نے حلقہ این اے108 کے اہم مقامات پھالیہ، منڈی بہاؤالدین سٹی اور چیلیانوالہ میں بڑے بڑے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن سے پہلے شہبازشریف نے جو وعدے کیے تھے وہ آج تک پورے نہیں ہوئے، ہم نے آنے والی نسلوں کو ن لیگ کے ظلم سے بچانا اور سنہرا پاکستان بنا کر دینا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 2002ء سے 2007ء تک بطور وزیر اعلیٰ پنجاب عوام کی مثالی خدمت کی، صوبے اور ملک کو خوشحال بنایا، عوام سے کیے ہوئے تمام وعدے پورے کیے، پنجاب کے پسماندہ علاقوں میں ترقی کا پہیہ چلایا، سوئی گیس فراہم کی، سڑکیں، سکول و کالج اور ہسپتال بنائے، صرف ضلع منڈی بہاؤالدین میں پانچ سال میں پچیس ارب روپے خرچ کیے، آج حکمران پورے پنجاب کا پیسہ لاہور پر خرچ کر رہے ہیں، ن لیگ کے نمائندے سے پوچھیں کہ اُس نے اِس حلقے کیلئے کیا کیا؟ چودھری پرویزالٰہی نے کہاکہ ہم نے کسانوں کو انقلابی سہولتیں اور مراعات دیں، زرعی ٹیکس معاف کیا جو شہبازشریف نے دوبارہ لگوا دیا، ہمارے پانچ سال میں کسانوں کو کسی فصل میں نقصان نہیں ہوا، آج کسان کا برا حال ہے اگر ہمیں دوبارہ موقع ملا تو ہم گجرات یونیورسٹی کی طرح منڈی بہاؤالدین میں بھی یونیورسٹی بنائیں گے، آج میں صاف دل اور دلیری کے ساتھ آپ کے پاس آیا ہوں، فیصلہ آپ نے کرنا ہے کہ آپ سنہری دور دوبارہ چاہتے ہیں یا یہی اندھیر نگری، حمزہ ناصر اقبال کو ووٹ دے کر پاکستان مسلم لیگ کو کامیاب بنائیں، ہم نے مفت تعلیم، صحت کی سہولتیں، ڈگریاں، ادویات اور ملازمتیں دیں، یہ خودکشیاں بانٹ رہے ہیں، آپ کی ایک بھول سے پاکستان بہت پیچھے چلا جاتا ہے، اس بار ایسی بھول نہ کریں اور سائیکل پر مہر لگائیں جو سب کا ساتھی ہے اور ہر حال میں مفت خدمت کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریسکیو1122 سے 20لاکھ افراد کو فائدہ ہوا، یہ سروس غریبوں کیلئے بنائی تھی اور ہمارے یہ منصوبے اللہ ہی چلا رہا ہے ورنہ انہوں نے تو بند کرنے کی ہر کوشش کی، وزیرآباد کارڈیالوجی ہسپتال کا منصوبہ بند کر کے شہباز شریف نے علاقے کے 4لاکھ افراد کی زندگیوں کو موت کے منہ میں دھکیل دیا ہے اس پر قتل کا مقدمہ درج ہونا چاہئے۔ امیدوار این اے108 حمزہ ناصر اقبال نے کہا کہ بجلی، صحت، تعلیم کے شعبوں اور سڑکوں کی صورتحال خراب سے خراب تر ہوتی جا رہی ہے، جتنے کام چودھری پرویزالٰہی نے اپنے پانچ سالہ دور حکومت میں کیے اتنے پچاس سال میں بھی نہیں ہوئے، پاکستان مسلم لیگ نے حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت کی ہے، ملک میں تبدیلی کا آغاز کرنے والے چودھری پرویزالٰہی ہیں۔

سابق ضلع ناظم ریاض اصغر چودھری نے کہا کہ گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج، گلی گلی میں سوئی گیس، پرائمری سکولوں کا جال، بجلی کی کمی کو پورا کرنے کیلئے سب اسٹیشن کا قیام اور ڈسٹرکٹ تحصیل ہیڈکوارٹر میں جدید سہولتوں کی فراہمی چودھری پرویزالٰہی کے ایسے منصوبے اور عوام پر ایسا احسان ہیں جو کبھی نہیں اتارے جا سکتے۔ اس موقع پر ساجد احمد خان بھٹی نے چودھری پرویزالٰہی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم مسلم لیگ کے سپاہی اپنے قائد کے اعتماد پر پورا اتریں گے مسلم لیگ ہی اس ضلع کیلئے مخلص سیاسی جماعت ہے، ن لیگ کو صرف لاہور کی فکر ہے شہباز شریف کہتا ہے کہ لاہور آئیں اور دیکھیں کتنے ترقیاتی کام ہوئے ہیں جبکہ چودھری پرویزالٰہی کے دور میں پورے پنجاب میں بلاتفریق ترقیاتی کام ہوئے۔

اس موقع پر چودھری لیاقت علی بھٹی، ذوالقرنین ساہی، چودھری عارف گوندل، عمر حیات بھٹی، چودھری غلام قادر، ذوالفقار مانگٹ، خالد پرویز سندھو، محمد ارشد، خالق محمد رانجھا، امجد بٹ، چودھری وارث سندھو سمیت دیگر مسلم لیگی رہنما بھی موجود تھے۔ قبل ازیں اڈہ کنگ سہاری، اڈہ پاہڑیانوالی، رائیگے، ہیلاں اور جگہ جگہ چودھری پرویزالٰہی کے قافلے کو روک کر استقبال کیا گیا، لوگوں نے پرجوش نعروں کے ساتھ پھولوں کے ہار پہنائے، پتیاں نچھاور کیں اور کبوتر آزاد کیے۔

قافلے کے آگے ڈھول کی تھاپ پر کارکن رقص کرتے رہے شہر میں جگہ جگہ چودھری شجاعت حسین اورچودھری پرویزالٰہی کی تصویروں والے سائن بورڈ، پوسٹر اور بینرز لگائے گئے تھے جن پر قائدین کو خوش آمدید کے کلمات سے نوازا گیا تھا

متعلقہ عنوان :