وفاق میں گلگت بلتستان کی نمائندگی کرتے ہوئے حقوق کی جنگ لڑ رہا ہوں،خورشید شاہ ، ن لیگ گلگت بلتستان کے انتخابات کی شفافیت کو یقینی بنائے،گورنر جانبداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے الیکشن کے لئے سرکاری افسران کو ڈیکٹیشن دے رہے ہیں، میڈیا سے بات چیت

اتوار 31 مئی 2015 08:46

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔31 مئی۔2015ء)قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ وفاق میں گلگت بلتستان کی نمائندگی کرتے ہوئے انکے حقوق کی جنگ لڑ رہا ہوں،پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے میں ملک کے دیگر صوبوں کی طرح گلگت بلتستان کو بھی برابر حصہ دلانے کیلئے جدوجہد کی ہے اور وزیراعظم نے اس حوالے سے اجلاس میں میری بات سے اتفاق کیا ہے،مسلم لیگ(ن) گلگت بلتستان کے انتخابات کی شفافیت کو یقینی بنائے،گورنر جانبداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے الیکشن کے لئے سرکاری افسران کو ڈیکٹیشن دے رہے ہیں ۔

پیپلزپارٹی کے رہنما قمرزمان کائرہ اور پیپلزپارٹی گلگت ریجن کے کوآرڈینیٹر سید جعفر شاہ کے ہمراہ گلگت پریس کلب میں میڈیا کے نمائندوں سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) ماضی کی دھاندلی کے الزامات سے بری نہیں ہوسکی ہے اگر گلگت بلتستان میں ایسی غلطی کرے گی تو کوئی بھی جماعت برداشت نہیں کرے گی،اس سے قبل انہوں نے جمیل احمد کی مرکزی الیکشن کمپین آفس میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج اگر وفاق میں پیپلزپارٹی کی دو تہائی اکثریت ہوتی تو ہم نئی تاریخ رقم کرتے اور یہاں کے عوام کا درینہ مطالبہ بھی پورا کردیتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نئے مالی سال کے لئے گلگت بلتستان کو ملنے والی گرانٹ پیپلزپارٹی کے دور حکومت سے کم دے گی تو میں اسمبلی میں شدید احتجاج کروں گا۔انہوں نے علاقے میں پائیدار امن اور سیاسی عمل کو آگے بڑھانے کیلوے آغا راحت الحسینی کے بیان کی تعریف کرتے ہوئے علاقے کیلئے نیک شگون قرار دے دیا اور کہا کہ ہمارا مقصد خطے میں امن اور خوشحالی کیلئے ماحول سازگار بنانا تھا اس مقصد میں ہم کامیاب ہوگئے ہیں،8جون کو عوام پیپلزپارٹی کے احسانات کو فراموش نہیں کریں گے اور پورے ملک کو اچھی خبریں سننے کو ملیں گی