عیدالفطر کے بعد لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے جاتی امرء (رائیونڈ) میں احتجاج کیا جائے گا ، آمنہ مسعود جنجو عہ، دو سال گزر نے کے باوجود حکومت نے لا پتہ افراد کیلئے کچھ نہیں کیا گیا ، آرمی چیف ،وزیر اعظم ،وفاقی وزیر داخلہ سمیت چیف جسٹس لاپتہ افراد کا معاملہ حل کریں تاکہ جلد لواحقین کے گھروں کے چولہے چل سکیں، احتجاجی ریلی سے خطاب

اتوار 31 مئی 2015 09:01

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔31 مئی۔2015ء)ڈیفنس آف ہیو مین رائٹس کی چیئر پر سن آمنہ مسعود جنجو عہ نے کہا ہے کہ 2012میں چوہدری نثار اور میاں نواز شریف نے وعدہ کیا تھا کہ ہماری حکومت لاپتہ افراد کو واپس لائے گی لیکن دو سال گزر نے کے باوجود لا پتہ افراد کیلئے کچھ نہیں کیا گیا ،عیدالفطر کے بعدجاتی امرء (رائیونڈ)میں احتجاج کیا جائے گا جو کہ لاپتہ افراد کی بازیابی تک جاری رہے گا،چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف،وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف،وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار سمیت چیف جسٹس آف پاکستان ناصر الملک سے اپیل ہے کہ لاپتہ افراد کا معاملہ حل کریں تاکہ جلد لواحقین کے گھروں کے چولہے چل سکیں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد ڈی چوک میں لاپتہ افراد کے لواحقین کی احتجاجی ریلی سے خطاب کے دوران کیا انہوں نے مزید کہا کہ ہم لا پتہ افراد کی بازیابی کیلئے10سال سے جدو جہد کر رہے ہیں لیکن لا پتہ افراد میں سے کسی کو بھی سامنے نہیں لایا گیا اگر انہوں نے کوئی جرم کیا ہے تو انہیں عدالت میں پیش کیا جائے انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں دہشت گردی تب تک ختم نہیں ہو گی جس تک لاپتہ افراد کی معمہ حل نہیں ہو گا پاکستان انسانی حقوق کی بنیاد پر بنا ہے ہماری جد و جہد آئین اور قانون کی بالا دستی کیلئے ہے انہوں نے کہا کہ آج ہم پاکستان کے دارلحکومت میں ارباب اختیار کے سامنے منہ پر پٹیاں باندھ کر حاضر ہیں اور یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ خو ف اور دہشت کی فضا قائم کر کے اگر آپ ہمارے گلے گھونٹنے میں کامیاب بھی ہوگے تو بھی ہماری آہیں عرش بریں تک پہنچ رہی ہیں لا پتہ افراد کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کیلئے اور ڈیفنس آف ہیو من رائٹس کے قانونی موقف کی حمایت کیلئے تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اسد عمر نے بھی احتجاجی ریلی میں شرکت کی اس موقع پر اسد عمر کا کہنا تھا کہ لا پتہ افراد کا مسئلہ15خاندانوں کا نہیں بلکہ قانون کی حکمرانی کا ہے آئین کے مطابق اگر کسی فرد نے جرم کیا ہے تو اسے عدالت میں پیش کیا جائے ،لا پتہ افراد کے لواحقین کو اگر انصاف نہ ملا تو پاکستان میں کوئی بھی محفوظ نہیں ۔