نواب شاہ ،جوڈیشل کمیشن کے احکامات پر فارم 15 کے ریکارڈ کیلئے پولنگ اسٹیشنوں کے بیگ کھل گئے،15 فارم کی چھان بین پر سینکڑوں بیگوں میں فارم 15 نہ ہونے کا انکشاف

اتوار 31 مئی 2015 08:46

نواب شاہ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔31 مئی۔2015ء)جوڈیشل کمیشن کی جانب سے احکامات کے بعد ملک کے دیگر صوبوں کی طرح نواب شاہ ضلع شہید بینظیر آباد کی دو قومی اور پانچ صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پر 11 مئی 2013 ء کو ہونے والے عام انتخابات کے فارم 15 کے ریکارڈ کے حصول کے لئے ضلع شہید بینظیر آباد کے 619 پولنگ اسٹیشنوں کے بیگ ڈسڑکٹ اینڈ سیشن جج مشتاق احمد کلہوڑو کی نگرانی میں کھولے اور 15 فارم کی حصول کے لئے چھان بین کی گئی تو انکشاف ہوا کہ سینکڑوں بیگوں میں فارم 15 ہی موجود نہیں ہے۔

اس سلسلے میں ڈسڑکٹ اینڈ سیشن کورٹ ذرائع کے مطابق ضلع شہید بینظیر آباد کی دو قومی اسمبلی کی نشستوں جن میں این اے 213 اور این اے 214 جبکہ صوبائی اسمبلی کی پانچ نشستوں جن میں پی ایس 24,25,26,27 اور 28 شامل ہیں کے 619 پولنگ اسٹیشنوں کے بیگوں کو کھولا گیا تو ٹوٹل 1298 بیگوں میں سے 551 بیگوں میں فارم 15 موجود ہی نہیں تھے۔

(جاری ہے)

ریکارڈ کے مطابق قومی اسمبلی کی نشست این اے 213 کے 316 بیگوں میں 107 بیگوں میں 15 فارم موجود نہیں تھے اسی طرح این اے 214 کے 333 بیگوں میں 148 بیگوں میں فارم نہیں تھے۔

اس طرح بالترتیب صوبائی اسمبلی کی نشستوں پی ایس 24 کے 76، پی ایس 25 کے 48، پی ایس 26 کے 56، پی ایس 27 کے 64 اور پی ایس 28 کے 52 بیگوں میں فارم 15 موجود نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔اس سلسلے میں رابطہ کرنے پر کورٹ ذرائع نے بتایا کہ جوڈیشل کمیشن کے احکامات پر بیگوں کی چھان بین کی گئی تھی اور 15 فارم کے لئے جب بیگ کھولے گئے تو سینکڑوں بیگوں میں فارم موجود نہیں تھے ۔انہوں نے بتایا کہ اس کی مکمل رپورٹ بنا کر رجسٹرار سندھ ہائی کورٹ کو بھیج دی گئی ہے۔