سعودی عرب،اجتماعی شادی میں کم مہرجوڑے کیلئے انعام

جمعرات 4 جون 2015 08:35

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4 جون۔2015ء)سعودی عرب کے مشرقی شہر الاحساء میں فیملی تکافل اور شادی بیاہ میں شہریوں کو سہولت فراہم کرنے والی ایک تنظیم کی جانب سے اجتماعی شادی کی تقریب میں 15 ہزار ریال مہر رکھنے والے ایک نوجوان کو خصوصی انعام دیا گیا۔ غیر ملکی خبررساں ادارے مطابق اجتماعی شادی کی تقریب میں مجموعی طور پر 420 جوڑوں کا اجتماعی نکاح کرایا گیا۔

تقریب میں الاحساء کے گورنر شہزادہ بدر بن جلوی، مخیر حضرات اور مقامی شہریوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ تقریب کے منتظم ادارے کا کہنا ہے کہ اجتماعی شادی کا اہتمام ٹھوس بنیادوں پر گھر داری کی تشکیل اور عائلی زندگی کو مستحکم کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔تقریب میں مقامی روایتی نغموں کی گونج میں عمر اور مہر میں سب چھوٹے دلہا المہام جو کہ جسمانی طور پر معذور ہیں، کو انعام دیا گیا۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ کم مہر رکھنے پر مشعل بن المشعل اور عبدالالہ ابراہیم الکری کو بھی خصوصی انعامات دیے گئے۔ تقریب میں 19 سالہ ابراہیم بن خلیل البوحسن کو کم عمر دلہا ہونے کی بنیاد پر انعام دیا گیا۔تنظیم کے ڈائریکٹر جنرل الشیخ عادل بن سعد الخوفی کا کہنا تھا کہ وہ پچھلے دو سال سے اجتماعی شادی کی تقریبات کا اہتمام کررہے ہیں۔ اب تیسرا سال جاری ہے۔ ان تین سال میں اجتماعی شادی کے پروگرام میں حصہ لینے والے جوڑوں کی تعداد میں 400 فی صد اضافہ ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اجتماعی شادی کی تقریبات اور اس کے تمام لوازمات کی بروقت تکمیل میں انہیں اہل خیر کا تعاون حاصل رہا اور انہیں کسی کو شادی کے لیے انتظار نہیں کرانا پڑا ہے۔

متعلقہ عنوان :