عظیم ویسٹ انڈین باوٴلر کرٹلی ایمبروز نے وسیم اکرم کو دنیا کا بہترین باؤلر قرار دیدیا ، وسیم میرے سب سے پسندیدہ باؤلر تھے ،جب کبھی دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کی ٹیم بنائی جائے گی اس میں ان کا نام ضرور شامل ہوگا ،پاکستان میں عالمی کرکٹ کی واپسی خوش آئند ہے ، امید ہے پاکستان میں عالمی کرکٹ مستقل بنیادوں پر بحال ہوجائے گی ، انٹرویو

جمعرات 4 جون 2015 08:09

جمیکا (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4 جون۔2015ء) عظیم ویسٹ انڈین باوٴلر اور باوٴلنگ کوچ کرٹلی ایمبروز نے پاکستان میں عالمی کرکٹ کی واپسی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پاکستان میں عالمی کرکٹ مستقل بنیادوں پر بحال ہو جائے گی۔ ویب سائٹ کو انٹرویو کے دوران کرٹلی ایمبروز نے وسیم اکرم کو دنیا کا بہترین باوٴلر قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ میرے سب سے پسندیدہ باوٴلر تھے اور جب کبھی بھی دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کی ٹیم بنائی جائے گی تو اس میں وسیم اکرم کا نام ضرور شامل ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ وسیم اکرم گیند کا جس طریقے سے استعمال کرتے تھے، میں اور مجھ جیسے متعدد باوٴلر ایسا کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے تھے، وہ ایک بہترین باوٴلر تھے اور میں ان کا بہت احترام کرتا ہوں۔

(جاری ہے)

ایمبروز نے کہا کہ وسیم اور وقار یونس کی جوڑی بہت شاندار تھی جو گیند کو سیم اور سوئنگ کرنے کی مہارت رکھتے تھے اور جس ٹیم میں بھی ایسے باوٴلر ہوں وہ حریف کے لیے انتہائی خطرناک بن جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شعیب اختر ان دونوں سے تیز رفتار باوٴلر تھے لیکن وسیم اور وقار ان سے انتہائی بہتر اور الگ ہی کلاس کے باوٴلر تھے۔عظیم ویسٹ انڈین باوٴلر نے پاکستان اور ویسٹ انڈیز میں اچھے فاسٹ باوٴلر سامنے نہ آنے کا ذمے دار اسپن اور بیٹنگ کیلئے سازگار وکٹوں کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں میں باصلاحیت باوٴلرز موجود ہیں لیکن جب تک فاسٹ باوٴلرز کے لیے معاون وکٹیں تیار نہیں کی جائیں گی، اس وقت تک اچھے باوٴلرز سامنے نہیں آئینگے